لندن (شِنہوا) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ برطانیہ اور امریکہ کے تعلقات "اب پہلے جیسے نہیں رہے”۔ یہ تبصرہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ نے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ فوجی حملوں میں شامل نہ ہونے کے اپنے فیصلے کا اعادہ کیا ہے۔
برطانوی اخبار دی سن سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر کا رویہ "تعاون پر مبنی نہیں” رہا۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ مجھے برطانیہ کی طرف سے یہ سب دیکھنا پڑے گا۔ یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ ہمارے تعلقات اب واضح طور پر ویسے نہیں رہے جیسے ہوا کرتے تھے۔
صدر ٹرمپ نے خاص طور پر وزیراعظم سٹارمر کی جانب سے ایران پر حملوں کے لئے ڈیگو گارسیا کے فوجی اڈے کے استعمال کی اجازت نہ دینے پر شدید مایوسی کا اظہار کیا۔
ٹرمپ کا کہنا ہے کہ برطانیہ کا اس اڈے کے استعمال سے انکار ایک ایسی بات تھی جو "دونوں ممالک کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوئی”۔
اگرچہ اتوار کو جاری کردہ ایک بیان میں سٹارمر نے امریکہ کو مخصوص اور محدود "دفاعی مقاصد” کے لئے اس اڈے کے استعمال کی مشروط اجازت دے دی تھی، لیکن ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سٹارمر نے اپنا ذہن بدلنے میں "بہت زیادہ وقت” لگا دیا۔




