ویانا (شِنہوا) ایک چینی مندوب نے کہا ہے کہ فوکوشیما جوہری حادثہ، جو بظاہر قدرتی آفت کے باعث شروع ہوا، درحقیقت ایک انسانی ساختہ سانحہ تھا جس نے جاپان کے جوہری ریگولیٹری نظام کی سنگین خامیوں کو بے نقاب کیا ہے۔
بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) میں چین کے مستقل مندوب لی سونگ نے بات جاپان میں فوکوشیما جوہری حادثے کے 15 سال مکمل ہونے پر ویانا میں آئی اے ای اے کے مارچ کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے آئی اے ای اے سے مطالبہ کیا کہ حادثے کے بعد کئے گئے اقدامات کا طویل المدتی جائزہ برقرار رکھا جائے اور انتہائی اعلیٰ عالمی جوہری حفاظتی معیارات اور بہترین طریقہ کارکے مطابق جاپان کی سخت نگرانی کی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جاپان نے بین الاقوامی برادری اور بالخصوص پڑوسی ممالک کے سنگین خدشات اور مخالفت کو نظرانداز کرتے ہوئے فوکوشیما کے جوہری آلودہ پانی کوسمندر میں خارج کرنا جاری رکھا ہے، اس اقدام سے جاپان نے جوہری حفاظتی خطرات کو اپنی سرحدوں سے باہر منتقل کر دیا ہے۔ ایسے اقدامات انتہائی غیرذمہ دارانہ اور بین الاقوامی اخلاقی ذمہ داری کےمنافی ہیں۔




