14 ویں قومی عوامی کانگریس (این پی سی) کے تیسرے اجلاس کے ترجمان لو چھن جیان چین کے دارالحکومت بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں ایک پریس کانفرنس کررہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) گوانگ ڈونگ۔ ہانگ کانگ۔ مکاؤ عظیم ترخلیجی علاقے میں بنیادی شہری سہولیات ، قواعد وضوابط اور طریقہ کار کے ساتھ ساتھ عوامی رابطے بھی بہتر ہوئے ہیں۔
چین کی قومی مقننہ 14 ویں قومی عوامی کانگریس کے تیسرے اجلاس کے ترجمان لو چھن جیان نے منگل کے روز ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ عظیم تر خلیجی علاقے کی ترقی ایک اہم قومی حکمت عملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے عظیم تر خلیجی علاقے کی ترقی میں ہانگ کانگ اور مکاؤ کی شرکت میں مکمل تعاون کے لئے متعدد پالیسیاں متعارف کرائی ہیں۔
لو نے کہا کہ مضبوط مرکزی معاونت سے ہانگ کانگ نے لوگوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے رہائش اور زمین مہیا کرنے میں اضافہ کیا جبکہ مکاؤ نے طبی وسائل کی فراہمی بڑھائی ہے۔
لو کے مطابق عظیم تر خلیجی علاقے میں مضبوط اقتصادی ترقی ہوئی ہے،اس کی مجموعی معاشی پیداوار 140 کھرب یوآن (19.5 کھرب امریکی ڈالر) سے زائد ہوچکی ہے جبکہ سامان ، فنڈز اور لوگوں کا سرحد پار سفر تیزی سے کارآمد ثابت ہورہا ہے۔
