چین بعض امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرے گا-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی ریاستی کونسل کے کسٹمز ٹیرف کمیشن نے کہا ہے کہ چین امریکہ سے درآمد کی جانے والی بعض مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرے گا جس کا اطلاق 10 مارچ سے ہوگا۔
کمیشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق امریکہ سے درآمد شدہ مرغی، گندم، مکئی اور کپاس پر 15 فیصد اضافی محصولات عائد کی جائیں گی۔
جوار، سویابین، بیف، آبی مصنوعات، پھل، سبزیاں اور ڈیری مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کیا جائے گا۔
یہ بیان امریکہ کی جانب سے چین سے درآمد کی جانے والی مصنوعات پر 10 فیصد اضافی ٹیرف عائد کرنے کے بعد سامنے آیا ہے جس کا اطلاق 4 مارچ سے ہوگا۔
کمیشن نے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کی جانب سے یکطرفہ محصولات کا نفاذ کثیرجہتی تجارتی نظام کو کمزور کرتا ہے، امریکی کاروباری اداروں اور صارفین پر بوجھ بڑھاتا ہے اور چین۔امریکہ اقتصادی اور تجارتی تعاون کی بنیاد کو ختم کرتا ہے۔
