پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے اسلامیہ جمہوریہ ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے ملاقات کی ہے جس میں پاک ایران دو طرفہ تعلقات، تجارت، توانائی، سرمایہ کاری اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایرانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں بالخصوص زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے اقتصادی و سماجی تعلقات کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
ایرانی سفیر نے تعاون پر وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر نواز شریف نے کہا کہ اگر مذاکرات کا دروازہ فراخدلی سے کھلا رکھا جائے تو بات چیت کے ذریعے بڑے سے بڑے مسائل حل کئے جا سکتے ہیں، ایران نے جوانمردی کیساتھ حالات کا مقابلہ کیا، ایران کیلئے میرے دل میں بیشمار دعائیں اور نیک خواہشات ہیں، ایرانی عوام ہمیشہ انکی دعائوں کا حصہ رہے ہیں۔
ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے نواز شریف کو عالم اسلام کا اہم اور عظیم لیڈر قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران دو جسم اور ایک روح کی مانند ہیں، عالم اسلام کی قیادت اور پاک ایران تعلقات کے فروغ کیلئے نواز شریف جیسے رہنماء کی اشد ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم نواز شریف کی صحت و حفاظت کیلئے ہمیشہ دعاگو رہتی ہے، وہ خطے کی صورتحال سے نواز شریف کو آگاہ کرنا ضروری سمجھتے ہیں کیونکہ پاکستان خطے کا بڑا ملک ہے۔
انہوں نے کہاکہ معاملات پر ملکر بات کرنے سے دلی سکون محسوس ہوتا ہے، ایرانی عوام نواز شریف کو پاکستان کی حفاظت کرنیوالا ستون سمجھتے ہیں، پاکستان اور ایران ایک خطہ، ایک برادری اور ایک قوم کی مانند ہیں، دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں گہرائی پائی جاتی ہے۔
ایرانی سفیر نے فارسی زبان اور ایرانی طلبہ سے متعلق امور حل کرانے پر وزیراعلیٰ مریم نواز کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔




