اوسلو (شِنہوا) گرین لینڈ کے وزیراعظم جینز-فریڈرک نیلسن نے کہا ہے کہ امریکی حکومت کے ساتھ سفارتی مذاکرات دوبارہ شروع ہونے کے باوجود واشنگٹن کی گرین لینڈ پر قبضے کی خواہش بدستور برقرار ہے۔
ڈینش براڈ کاسٹنگ کارپوریشن (ڈی آر) کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ سفارتی ذرائع کے ذریعے واشنگٹن کے ساتھ رابطے دوبارہ قائم ہو گئے ہیں۔ اب ہم میڈیا کے ذریعے ایک دوسرے پر کیچڑ اچھالنا بند کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک مشترکہ ورکنگ ٹیم کا پہلا اجلاس پہلے ہی منعقد ہوچکا ہے، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں۔
انہوں نے کہا کہ بات چیت ابھی شروع ہوئی ہے، اس لئے یہ کہنا بہت قبل ازوقت ہے کہ فریقین معاہدے پر پہنچنے کے کتنے قریب ہیں، دونوں ممالک مشترکہ بنیاد تلاش کرنے سے قبل اپنی تجاویز پیش کریں گے۔
انہوں نے زور دیا کہ خودمختاری ایک ایسی سرخ لکیر ہے جس پر بات نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے کہا کہ گرین لینڈ موجودہ دفاعی معاہدے کے دائرہ کار کے تحت امریکہ کے ساتھ سلامتی اور دفاع کے شعبوں میں تعاون کے لئے تیار ہے، تاہم اس تعاون کی نوعیت اور حد امریکی ارادوں کی تفصیلات پر منحصر ہوگی۔




