پاکستان اور قازقستان نے دوطرفہ تجارت ایک سال میں 1 ارب ڈالر تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون کی 19مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر دستخط کردیئے۔
بدھ کو قازقستان کے صدر قاسم جومارت کا وزیراعظم ہائوس پہنچے پر شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے جبکہ معزز مہمان کو گارڈ آف آنر پیش کیا وزیراعظم نے قازق صدر سے وفاقی کابینہ کے ارکان کا تعارف کروایا جبکہ صدر قازقستان نے وزیراعظم کو اپنے وفد کے اراکین سے متعارف کرایا۔
وزیراعظم کی جانب سے صدر قازقستان کے اعزاز میں دیئے گئے استقبالئے میں دونوں ممالک کے اعلی حکام اور سفارتی وفود شریفک ہوئے جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر دونوں ممالک کے روابط مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
ملاقات کے بعد پاکستان اور قازقستان کے درمیان تعاون کو وسعت دینے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں اور معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔
اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف اور صدر قازقستان نے مشترکہ اعلامئے پر دستخط کئے۔
تقریب میں وزیر دفاع خواجہ آصف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بھی شرکت کی ذرائع کے مطابق پاکستان اور قازقستان کے درمیان کان کنی اور پٹرولیم کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا، دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ کے امن دستوں کے حوالے سے بھی مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ کیا گیا۔
پاکستان اور قازقستان کے درمیان قیدیوں کے تبادلے، میری ٹائم، ٹرانزٹ ٹریڈ، کسٹم، ریلوے، پلانٹ پروٹیکشن و ویٹرنری، صحت، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ترقی کے شعبوں میں تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں کے تبادلے ہوئے۔
اس کے علاوہ اے پی پی اور قازقستان کے سرکاری ٹی وی کے درمیان تعاون کا بھی معاہدہ کیا گیا، موسمیاتی تبدیلی کے شعبے میں تعاون کا بھی معاہدہ ہوا، دونوں ممالک کے درمیان اعلی تعلیم کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا بھی تبادلہ کیا گیا۔
مالیاتی نظم ونسق و بینکنگ کے شعبے میں مفاہمتی یادداشت کا تبادلہ ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان ثقافت کے شعبے میں تعاون کا معاہدہ ہوا جبکہ لاجسٹک، ورچوئل اثاثوں ،بندرگاہوں کے شعبے میں تعاون کی دستاویز کے بھی تبادلے کئے گئے۔




