اقوام متحدہ (شِنہوا) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے بلوچستان میں ہفتے کے روز مختلف مقامات پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی ہے۔
کونسل کے ارکان نے ایک پریس بیان میں ان گھناؤنے اور بزدلانہ دہشت گردانہ حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذموم دہشت گردانہ اقدام سے 48 افراد جاں بحق ہوئے جن میں 5 خواتین اور 3 بچوں سمیت 31 عام شہری بھی شامل تھے۔ بلوچستان لبریشن آرمی نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
کونسل کے ارکان نے متاثرہ خاندانوں، حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی تمنا کی۔
انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں عالمی امن و سلامتی کے لئے سب سے سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ریاستیں دہشت گردانہ اقدامات سے عالمی امن وسلامتی کو لاحق ہونے والے خطرات کا ہر ممکن طریقے سے مقابلہ کریں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ دہشت گردی کے ان مذموم واقعات کے مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونین اور سرپرستوں کا محاسبہ کیا جائے اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے جبکہ تمام ریاستوں پر زور دیا گیا کہ وہ اس سلسلے میں پاکستان کی حکومت کے ساتھ فعال تعاون کریں۔




