اے این ایف نے مختلف کارروائیوں میں 2 کروڑ 97 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 37 کلو منشیات برآمد کر کے 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان کے مطابق شاہراہِ فیصل کراچی پر کوریئر آفس میں نیوزی لینڈ بھیجے جانے والے پارسل میں کپڑوں میں جذب 8 کلو آئس برآمد ہوئی، شاہراہِ فیصل ہی پر ایک اور کارروائی کے دوران لندن بھیجے جانیوالے پارسل سے فیس ماسک میں چھپائی گئی 2.6 کلو ہیروئن برآمد ہوئی۔
کراچی میں ہی کلفٹن کے علاقے میں واٹر کولر میں چھپائی گئی 400گرام آئس برآمد کرکے 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق پنڈی پل بنوں روڈ کوہاٹ پر خاتون کے قبضے سے 6کلو چرس برآمد ہوئی، علاوہ ازیں چوساک ڈسٹرکٹ کیچ میں جھاڑیوں میں چھپائی گئی 20 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی ہے۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کیخلاف انسداد منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کر کے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔




