سنگاپور میں واقع چینی ثقافتی مرکز میں شہری چین اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کی 35ویں سالگرہ کی مناسبت سے منعقدہ تصویری نمائش دیکھ رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدر شی جن پھنگ اور سنگاپور کے صدر تھارمن شنموگراتنم نے چین اور سنگاپور کے درمیان سفارتی تعلقات کے 35 سال مکمل ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی ہے۔
چین اور سنگاپور کی دوستانہ ہمسائیگی اور اہم تعاون پرمبنی شراکت داری کا ذکر کرتے ہوئے صدر شی جن پھنگ نے کہا کہ سفارتی تعلقات کے قیام کے گزشتہ 35 برسوں میں دونوں ممالک نے باہمی احترام، اعتماد اور باہمی فائدے پر مبنی تعاون کو ہمیشہ ترجیح دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو طرفہ تعلقات میں مسلسل بہتری آئی ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نتیجے میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ دونوں ممالک اپنی اپنی جدید ترقی کے عمل میں ایک دوسرے کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر آگے بڑھے، جس سے دونوں ملکوں کے عوام مستفید ہوئے۔
صدرشی جن پھنگ نے مزید کہا کہ چین سفارتی تعلقات کی 35 ویں سالگرہ کو ایک موقع کے طور پر لیتے ہوئے باہمی سیاسی اعتماد کو مزید مضبوط بنانے، اعلیٰ سطح کے تعاون کو فروغ دینے، عوامی روابط کو مضبوط بنانے اور کثیرالطرفہ تجارتی نظام اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کا مشترکہ طور پر تحفظ کرنے کے لئے تیار ہے تاکہ چین اور سنگاپور کے درمیان ہر پہلو سے اعلیٰ معیار اور مستقبل پر مبنی شراکت داری کو فروغ دیا جا سکے، جو خطے اور دنیا میں امن و خوشحالی کے لئے مزید کردار ادا کرے گی۔
اس موقع پر سنگاپور کے صدر تھارمن شنموگراتنم نے کہا کہ 2023 میں سنگاپور-چین تعلقات کو ایک ہمہ جہت، اعلیٰ معیار اور مستقبل پر مبنی شراکت داری میں بدلا گیا اور دونوں حکومتوں کے درمیان تعاون میں مسلسل پیشرفت ہوئی، یہ تعلقات نئی جہتیں اختیار کرتے جا رہے ہیں اور بصیرت کا مظہر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وقت کی ضرورتوں کے مطابق دونوں ممالک نے نئے شعبوں میں تعاون کو فعال طور پر وسعت دی ہے، جب کہ دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان ثقافتی تعلقات میں بھی مسلسل مضبوطی آئی ہے۔ انہوں نے اس پختہ یقین کا اظہار کیا کہ دونوں ممالک قریبی تعاون جاری رکھیں گے اور اپنے دو طرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔
چینی وزیراعظم لی چھیانگ اور سنگاپور کے وزیراعظم لارنس وونگ نے بھی ایک دوسرے کو مبارکباد کے پیغامات دیئے۔
