ملک بھر میں موٹرویز، ہائی ویز پر ٹول ٹیکسز میں ایک سال میں 101 فیصد اضافہ ہوگیا، 2024-25ء میں مجموعی آمدن 64 ارب 42 کروڑ 38 لاکھ روپے سے تجاوز کر گئی۔
جاری دستاویزات کے مطابق 2023-24ء میں ٹول ٹیکس آمدن 32ارب روپے سے زائد رہی تھی جس میں ہائی ویز سے 17ارب 75 کروڑ 88لاکھ جبکہ موٹرویز سے 14ارب 30کروڑ روپے سے زائد ریونیو حاصل ہوا جبکہ مالی سال 2024-25ء میں ہائی ویز سے 34 ارب 42کروڑ اور موٹرویز سے 29ارب 99کروڑ روپے سے زائد آمدن ہوئی۔
دستاویز کے مطابق پنجاب میں ٹول ٹیکس آمدن 84 فیصد اضافے کے بعد 19ارب 58کروڑ روپے، سندھ میں 117فیصد اضافے سے 11ارب 37کروڑ روپے، بلوچستان میں 81 فیصد اضافے سے آمدن ایک ارب روپے سے زائد جبکہ خیبر پختونخوا میں 92فیصد اضافے کیساتھ 2ارب 38کروڑ روپے رہی۔
