اسلام آباد: ژوب اور ٹانک میں مزید 2 بچے پولیو کا شکار ہوگئے جس کے بعد رواں سال ملک میں پولیو سے متاثرہ بچوں کی تعداد 28 ہوگئی ہے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں پولیو کیسز میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے۔ خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں پولیو سے ایک بچہ جبکہ بلوچستان کے ضلع ژوب میں ایک بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی جس کے بعد ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد28 ہوگئی ہے، ایک روز قبل بھی دو بچوں میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔
فوکل پرسن انسداد پولیو عائشہ رضا فاروق نے پولیو کیسز بڑھنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو کیسز والے اضلاع میں انسداد پولیو مہم پر زیادہ توجہ دینا ہوگی، والدین 5 سال کے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلوائیں۔ واضح ہے کہ رواں سال بلوچستان میں پولیو سے 16،سندھ میں 7 خیبرپختونخوا میں 3 پنجاب اور اسلام آباد میں ایک، ایک بچہ متاثر ہوا ہے۔
