لاہور: قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ چلتی معیشت کو تباہ کرنے کا خمیازہ آج بھگتا جارہا ہے، معافی غلط کام کی مانگی جاتی ہے، ہم نے کچھ ایسا کیا ہی نہیں، ہمارے دور میں لوگ ملک آرہے، اب یہاں سے جارہے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب نے کہا کہ عمران خان نے محمود اچکزئی کو سیاسی جماعتوں سے مذاکرات کرنے کا اختیار دیا ہوا ہے، اس کے علاوہ ہم نے کسی سے منت نہیں کی، منتیں تو خواجہ آصف نے سابق سیکٹر کمانڈر سیالکوٹ سے کیں، وہ روتے تھے،ان کی اپنی پارٹی کے لوگ ان سے تنگ ہیں۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی پلیٹ لیٹس گرنے کی جھوٹی رپورٹس بنا کر کابینہ میں پیش ہوتی تھیں،انہی غلط رپورٹس کے ذریعے نواز شریف ملک سے باہر گئے۔
انہوں نے کہا کہ معافی غلط کام کی مانگی جاتی ہے لیکن ہم نے کوئی غلط کام نہیں کیا،ہم معافی صرف اللہ سے مانگتے ہیں وہ بھی اپنے گناہوں کی۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی فوٹیجز سامنے لائیں دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا،عمران خان نے کہا ہے کہ سی سی ٹی وی میں موجود لوگوں پر مقدمہ چلائیں،امریکہ میں بھی کیپٹل ہل کی فوٹیجز سامنے آئیں لیکن یہاں سامنے نہیں لا رہے۔ انہوں نے کہا کہ18 اگست کو جوڈیشل کمپلیکس میں لاٹھی چارج ہوا اس وقت بھی ہمیں کہا گیا کہ یہ ٹریپ ہے، وہاں جو شیلنگ تھی وہ تو انٹلیجنس کے لوگوں نے کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ ان لوگوں نے قمرباجوہ کے ساتھ مل کر عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک چلائی اور ایک چلتی معیشت کو تباہ و بربادکردیا جس کا خمیازہ آج یہ بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دور میں اربوں ڈالر کے ریزور تھے، لوڈشیڈنگ نہیں تھی،اس وقت باہر سے لوگ یہاں آرہے تھے لیکن اب پاکستان سے لوگ باہر جارہے ہیں۔
