چین کے مشرقی شہرشنگھائی میں اے آئی عالمی کانفرنس2025 میں ایک مہمان ذہین اور مہارت رکھنے والے ہاتھوں سے مزین روبوٹ کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا) بیجنگ میں آئندہ منعقد ہونے والی 2025 عالمی روبوٹ کانفرنس میں100 سے زائد کٹنگ ایج روبوٹکس مصنوعات پہلی بار پیش کی جائیں گی جو گزشتہ سال کی تعداد سے تقریباً دوگنا ہیں۔ یہ کانفرنس اب دنیا بھر میں نئی ایجادات کے لئے ایک اہم پلیٹ فارم بنتی جا رہی ہے۔
2025 کی ورلڈ روبوٹ کانفرنس 8 سے 12 اگست تک بیجنگ اکنامک-ٹیکنالوجیکل ڈیویلپمنٹ ایریا میں منعقد کی جائے گی،اسے بیجنگ ای-ٹاؤن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ اس سال کانفرنس کا مرکزی موضوع "روبوٹس کو مزید ذہین بنانا، ایمبوڈیڈ ایجنٹس کو زیادہ سمجھدار بنانا” ہو گا۔ اس اہم ایونٹ میں دنیا بھر کی 200 سے زائد نمایاں روبوٹکس کمپنیوں کی جانب سے 1,500 سے زیادہ نمائشیں پیش کی جائیں گی۔
اس کانفرنس کی ایک نمایاں خصوصیت جدید ترین مصنوعات کی نمائش ہوگی، جن میں تیز رفتار چار ٹانگوں والے روبوٹس، ریسکیو روبوٹس، معائنے کے لیے استعمال ہونے والے روبوٹس، جدید کیتھیٹر بنانے والے روبوٹس اور خودکار لان کاٹنے والے روبوٹس شامل ہوں گے۔ یہ ایونٹ شرکا کو ذہین مشینوں کے مستقبل کی ایک جھلک فراہم کرے گا۔
انسان نما روبوٹس کانفرنس کی ایک اور بڑی توجہ کا مرکز ہوں گے جہاں 50 کمپنیاں اپنے مکمل جسم والے انسان نما روبوٹس کی تازہ ترین ایجادات پیش کریں گی۔
چینی انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس کی صدر شو شیاؤلان نے بتایا کہ 2024 میں چین نے دنیا بھر میں روبوٹ سے متعلق پیٹنٹ درخواستوں کا دو تہائی حصہ جمع کروایا اور 5لاکھ 56ہزار صنعتی روبوٹس تیار کئے، اس طرح چین دنیا کا سب سے بڑا روبوٹ تیار کرنے والا ملک بنا رہا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ گزشتہ دہائی میں بین الاقوامی معاون اداروں کی تعداد 12 سے بڑھ کر 28 ہو گئی ہے جبکہ غیر ملکی شرکا کی تعداد 10 سے بڑھ کر 80 سے زائد ہو گئی ہے۔
یہ کانفرنس چینی انسٹی ٹیوٹ آف الیکٹرانکس اور ورلڈ روبوٹ کوآپریشن آرگنائزیشن کی مشترکہ میزبانی میں منعقد کی جا رہی ہے اور اس سال ریکارڈ تعداد میں بین الاقوامی اداروں کی شرکت متوقع ہے۔
کانفرنس کے ساتھ ایک روبوٹ صارف میلہ بھی منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد صنعتی ترقی اور صارفین کی طلب کو فروغ دینا ہے۔
