سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، پاکستان کے ساتھ معاشی و تجارتی شعبوں میں تعاون مزید بڑھانا چاہتا ہے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر سے ملاقات کے دوران کیا ۔
انہوںنے کہا کہ ہم پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں، پاکستانی خصوصا خیبر پختونخوا کے عوام اور قبائل کی محبت و خلوص کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، سعودی عرب پاکستان کو ایک مستحکم، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک دیکھنے کا خواہاں ہے۔اس موقع پر گفتگو میں اسد قیصر نے کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کا خواہاں ہے، دونوں برادر ممالک مذہب، اخوت اور تاریخ کے لازوال رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی تیز رفتار ترقی شہزادہ محمد بن سلمان کی مثر قیادت کا منہ بولتا ثبوت ہے، پاکستانی عوام سعودی عرب سے دلی وابستگی رکھتے ہیں اور اسے اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کے لیے فراخدلانہ امداد کی ہے۔ سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے امت مسلمہ میں اتحاد و یکجہتی کے فروغ کے لیے سعودی عرب کے مثبت کردار کی تعریف بھی کی۔ تحریک انصاف کے رہنما اسد قیصر کی سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی سے سعودی سفارتخانے میں ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی مجموعی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
