مصر کے دارالحکومت قاہرہ کے مشرق میں مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت کےمرکزی تجارتی ضلع(سی بی ڈی) کا منظر-(شِنہوا)
قاہرہ(شِنہوا)مصر کی نئی شہری کمیونٹیز اتھارٹی اور چینی-مصری مشترکہ منصوبے کے درمیان مصر کے نئے انتظامی دارالحکومت میں واقع مرکزی تجارتی ضلع(سی بی ڈی) کے لئے جامع آپریشن اور دیکھ بھال کے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں۔
معاہدے کے تحت "ہورائزن آپریشنز مینجمنٹ(مصر) کمپنی لمیٹڈ” سی بی ڈی منصوبے کی فعالیت کی ذمہ دار ہوگی جو ابتدائی طور پر جائیداد اور بلدیاتی نظام کے انتظام پر توجہ مرکوز کرے گی۔
مصری کابینہ کے بیان کے مطابق مصر کے وزیر ہاؤسنگ شریف الشربینی نے دستخط سے قبل بات چیت کے دوران کہا کہ یہ معاہدہ اہم سہولیات کی دیکھ بھال و انتظام اور سی بی ڈی میں رہائشیوں، سیاحوں اور کاروباری اداروں کو مربوط شہری خدمات کی فراہمی کا احاطہ کرتا ہے۔
دستخطی تقریب میں مصری وزیراعظم مصطفیٰ مدبولی، چین کے نائب وزیر ہاؤسنگ اور شہری و دیہی ترقی ڈونگ جیان گو اور سی بی ڈی کی تعمیر کی قیادت کرنے والی چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
دارالحکومت قاہرہ سے تقریباً 50 کلومیٹر مشرق میں صحرا کے وسط میں واقع سی بی ڈی منصوبہ چین-مصر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی مشترکہ تعمیر کا کلیدی منصوبہ ہے۔ اس منصوبے میں 20 تجارتی و رہائشی فلک بوس عمارتوں کے ساتھ ساتھ متعلقہ بلدیاتی بنیادی شہری سہولیات شامل ہیں۔ ان میں افریقہ کا بلند ترین 385.8 میٹر بلند شاندار ٹاور بھی شامل ہے۔
