امریکی ریاست واشنگٹن ڈی سی میں کیپیٹل ون ارینا میں ایلون مسک اظہار خیال کررہے ہیں-(شِنہوا)
سان فرانسسکو(شِنہوا)ایلون مسک کی برین کمپیوٹر انٹرفیس سٹارٹ اپ نیورا لنک نے اعلان کیا ہے کہ کمپنی نے 65کروڑ امریکی ڈالر کا فنڈنگ راؤنڈ مکمل کرلیا ہے۔
کمپنی کے ایک بلاگ پوسٹ کے مطابق سیریز ای فنڈنگ میں اے آر کے انویسٹ، فاؤنڈرز فنڈ، سیکوئیا کیپیٹل اور تھرائیو کیپیٹل سمیت دیگر سرمایہ کار شامل تھے۔
نیورا لنک نے آخری مرتبہ 2023 میں 28کروڑ ڈالر کی سیریز ڈی فنڈنگ حاصل کی تھی، جس میں چند ماہ بعد 4کروڑ 30لاکھ ڈالر کا اضافہ شامل کیا گیا تھا۔
کمپنی نے کہا کہ اس نے مزید انسانی کلینیکل تجربات کئے ہیں اور اپنے برین چپس کو 5 انتہائی معذور افراد میں نصب کیا ہے۔
مئی میں نیورا لنک نے امریکی خوراک وادویات انتظامیہ سے بریک تھرو ڈیوائس پروگرام کی منظوری حاصل کی۔
خوراک وادویات انتظامیہ کے مطابق بریک تھرو ڈیوائسز پروگرام مخصوص طبی آلات اور ڈیوائس پر مبنی مصنوعات کے لئے ایک رضاکارانہ پروگرام ہے جو زندگی کے لئے خطرناک یا ناقابل علاج بیماریوں یا حالات کا زیادہ موثر علاج یا تشخیص فراہم کرتاہے۔
یہ پروگرام مریضوں اور صحت کی دیکھ بھال فراہم کرنے والوں کو بروقت طبی آلات تک رسائی فراہم کرنے کے لئے ترقی، جائزہ اور مارکیٹ کی پیشگی منظوری کے عمل کو تیز کرنے کے لئے بنایا گیا ہے۔
