لاہور گجرپورہ میں پتنگیں چیک کرنے کے بہانے رشوت وصولی پر 4 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اہلکاروں کی رشوت لینے کی آڈیو ریکارڈنگ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس کا ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشنز کو انکوائری کا حکم دیا۔
پولیس حکام کے مطابق انکوائری میں چاروں پولیس اہلکاروں پر رشوت لینا ثابت ہوگیا جس پر انہیں معطل کردیا۔
حکام کے مطابق معطل اہلکاروں مرتضی، امجد، شاہد اور عرفان نے تین نوجوانوں عثمان، سبحان اور سفیان کی پتنگیں چیک کیں اور ان پر لگے بارکوڈ کو غیر نمونہ قرار دیا، اہلکاروں نے نوجوانوں کو ہراساں کرکے 56ہزار روپے اور 50گڈے بطور رشوت لئے۔
ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم کے مطابق پولیس اہلکاروں کو معطل کرکے مقدمہ درج کیا جا رہا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ محکمہ میں کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔




