چین کے جنوبی ہانگ کانگ میں کنٹینر ٹرمینل کا فضائی منظر-(شِنہوا)
ہانگ کانگ (شِنہوا) سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ہانگ کانگ کی معیشت نے 2025 کی تیسری سہ ماہی میں اپنی ترقی کا سلسلہ جاری رکھا اور حقیقی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں سالانہ بنیاد پر 3.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ہانگ کانگ خصوصی انتظامی علاقہ (ایچ کے ایس اے آر) کی حکومت کے مردم شماری و شماریات محکمے کے ابتدائی تخمینوں کے مطابق یہ شرح پچھلی سہ ماہی میں ریکارڈ 3.1 فیصد ترقی کے مقابلے میں تیز تر رہی۔
نجی کھپت میں حقیقی معنوں میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.1 فیصد اضافہ ہوا، جو پچھلی سہ ماہی کے 1.9 فیصد اضافے سے زیادہ ہے۔
ایچ کے ایس اے آر حکومت کے ایک ترجمان نے کہا کہ جولائی سے ستمبر کے دوران ہانگ کانگ کی معیشت نے مضبوط کارکردگی دکھائی جس کی بنیادی وجہ برآمدات میں مسلسل اضافہ اور مقامی طلب میں پائیدار توسیع ہے۔
ترجمان کے مطابق سامان کی مجموعی برآمدات میں نمایاں اضافہ بنیادی طور پر الیکٹرانکس سے متعلق مصنوعات کی بڑھتی ہوئی طلب اور خطے میں متحرک تجارتی سرگرمیوں کی وجہ سے ہوا۔
خدمات کی برآمدات میں بھی نمایاں اضافہ ہوا جس کی وجہ غیر ملکی سیاحت میں مسلسل اضافہ اور عالمی سٹاک مارکیٹوں میں بہتری کے دوران سرحد پار مالی سرگرمیوں کا فروغ ہے۔
ترجمان نے کہا کہ آئندہ کے لئے دیکھا جائے تو 2025 کے باقی عرصے میں ہانگ کانگ کی معیشت میں مزید مستحکم ترقی کی توقع ہے تاہم انہوں نے بیرونی غیر یقینی حالات سے محتاط رہنے پر زور دیا، خاص طور پر ان اثرات سے جو عالمی معیشت، بین الاقوامی تجارت اور مالی حالات پر تجارتی رکاوٹوں کے جاری اثرات کے نتیجے میں سامنے آ سکتے ہیں۔




