چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ صحافیوں پر تشدد صرف افراد پر نہیں، جمہوریت پر حملہ ہے، مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں صحافیوں پر مظالم انسانی تاریخ کے شرمناک ابواب ہیں، صحافیوں کے حقوق کے دفاع کیلئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
صحافیوں کیخلاف جرائم روک تھام کے عالمی دن جاری بیان میں بلاول بھٹو نے سچائی، جمہوریت اور عوامی شعور کیلئے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے والے صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ دنیا میں کہیں بھی صحافیوں کو تشدد، دھمکیوں یا انصاف سے محروم کر کے خاموش کرنا صرف افراد پر نہیں بلکہ جمہوریت پر حملہ ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ آزاد صحافت کسی بھی جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور اس پر قدغنیں جمہوری اقدار کو کمزور کرتی ہیں۔
انہوں نے بھارت کے زیر تسلط مقبوضہ کشمیر اور غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے ہاتھوں صحافیوں پر ہونے والے مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اور غزہ میں اسرائیلی قابض افواج کے مظالم انسانی تاریخ کے شرمناک ابواب ہیں جنہیں دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ دینا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بینظیر بھٹو کے جمہوری وژن کی روشنی میں پیپلز پارٹی آزادی صحافت پر پختہ یقین رکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین میڈیا ٹرائلز کا سامنا کرنے کے باوجود پیپلز پارٹی نے ہمیشہ آزادی صحافت کا علم بلند رکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم ان بہادر صحافیوں کو سلام پیش کریں گے جو سچائی کے علمبردار ہیں، اور ان کے حقوق کے دفاع کے لیے ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ہمیں ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہے جہاں صحافی آزادی، وقار اور امید کے ساتھ اپنا پیشہ ورانہ فریضہ انجام دے سکیں۔




