پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان سلمان آغا نے کہا ہے کہ بابر اعظم اپنی پرفارمنس کے ساتھ ورلڈکپ جتوا سکتے ہیں۔
سیریز میں فتح کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ باؤ لنگ ایشیا کپ سے بہترین کررہے ہیں، ٹیم نے اس سیریز میں اچھا کھیل پیش کیا۔
سلمان آغا نے کہا کہ آخری دونوں میچوں میں باؤ لنگ سمیت بیٹنگ دونوں میں اچھا کھیل پیش کیا، ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کا کمبی نیشن تبدیل نہیں کر رہے، کھلاڑی بدل رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنا کمبی نیشن پتا ہے اس کے مطابق کھیلتے ہیں، بابر اعظم کی ہر کسی کو خوشی ہے کہ وہ فارم میں آئے،سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر اور میں ایک دوسرے کو پہلے سے جانتے ہیں،ان کے ساتھ پارٹنرشپ اچھی لگتی ہے۔
سلمان علی آغا نے کہا کہ بابر اعظم اچھی تیاری کرتے ہیں، ان کو شاید اندازہ ہوگیا ہے تبدیلی لانی چاہیے، بابر اعظم ورلڈکپ کلاس کھلاڑی ہیں، وہ اپنی پرفارمنس کے ساتھ ورلڈ کپ جتوا سکتے ہیں
ان کا کہنا تھا کہ دوسری اننگز میں ڈیو کی وجہ سے باؤلنگ کرنا بہت مشکل ہوتا ہے اس لئے پہلے باؤلنگ کرنا آسان ہے، انہوں نے کہا کہ سری لنکا میں ورلڈکپ کھیلنا ہے اس کے مطابق تیاری کر رہے ہیں۔




