لاؤس کے شہر لوانگ پرابانگ میں دریائے می کونگ میں روشنیوں سے سجی کشتی کا منظر-(شِنہوا)
کونمنگ(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی صوبے یون نان میں واقع شی شوانگ باننا کے دائی خودمختار پریفیکچر کے ثقافتی و سیاحتی محکمے کا کہنا ہے کہ دریائے لان کانگ-می کونگ کی بین الاقوامی سیاحتی کشتی سروس کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے۔
پہلا سیاحتی جہاز شی شوانگ باننا کے شہر جنگ ہونگ میں واقع جنگ ہونگ بندرگاہ جو ایک قومی سطح کی آبی گزرگاہ ہے، سے روانہ ہوا اور گوان لئی بندرگاہ پر امیگریشن کے عمل کو مکمل کیا۔ اس کے بعد یہ جہاز دریائے لان کانگ-می کونگ کے راستے تھائی لینڈ کے چھیانگ سین بندرگاہ پر پہنچا۔
یہ سنگ میل اس سنہری آبی راستے پر ثقافت اور سیاحت کے جوڑنے میں ایک تاریخی قدم ہے، جو 6 ممالک کو آپس میں ملاتا ہے۔
یہ بین الاقوامی سیاحتی روٹ چین کے شی شوانگ باننا، تھائی لینڈ کے چھیانگ رائی اور چھیانگ مائی اور لاؤس کے لوانگ پرابانگ جیسے مقامات پر مشتمل ہے۔ 5 دن اور 4 راتوں کا یہ سفر ایک نیا انداز پیش کرتا ہے جو چین، لاؤس اور تھائی لینڈ کے سیاحتی مقامات کو بحری، زمینی، ہوائی راستوں اور ریل کے ذریعے آسانی سے جوڑتا ہے۔
شی شوانگ باننا کے ثقافتی و سیاحتی محکمے کے مطابق مستقبل میں سیاحتی منڈی کی ترقی کو تیز کرنے، لان کانگ-می کونگ کے مزید متنوع سیاحتی منصوبے شروع کرنے اور اس خطے میں سنہری سیاحت کے دائرے کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ اقدامات خطے میں اقتصادی اور ثقافتی ہم آہنگی کی تعمیر میں نئی جان ڈالیں گے۔
