لاہور: پاکستان کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم قومی ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق بابر اعظم نے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی ٹیم کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا۔ سوشل میڈیا پر جاری بیان میں انہوں نے لکھا کہ کپتانی سے مستعفی ہوگیا ہوں تاہم بطور کھلاڑی کردار ادا کرنے اور ذمہ داری پوری کرنے کیلئے تیار ہوں اس کے ساتھ اپنی پرفارمنس پر بھی توجہ دینا چاہتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ میں نے گزشتہ ماہ پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کو مطلع کر دیا تھا،ٹیم کی قیادت کرنا میرے لئے اعزاز کی بات رہی لیکن اب وقت آ گیا ہے کہ میں کپتانی سے دستبردار ہو جاؤں اور اپنے کھیل پر توجہ مرکوز کروں۔انہوں نے کہا کہ کپتانی کا تجربہ بہت فائدہ مندرہا لیکن اس کیساتھ بہت زیادہ ذمہ داری بھی آئی، میں اپنی کارکردگی پرترجیح دینا، بیٹنگ کا لطف اٹھانا اور خاندان کیساتھ وقت گزارنا چاہتا ہوں،یہ سب مجھے خوشی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کپتانی چھوڑنے سے مجھے آگے بڑھنے میں مدد ملے گی،میں اپنی توانائی کھیل بہتر کرنے پر لگاؤں گا اور انفرادی ترقی پر زیادہ توجہ دینے کے قابل ہو سکوں گا۔
انہوں نے کہا کہ مداحوں کی مسلسل حمایت اور یقین پر سب کا مشکور ہوں، آپ کا جوش و جذبہ میرے لئے بے حد معنی رکھتا ہے، ہم نے مل کر جو حاصل کیا اس پر فخر محسوس کرتا ہوں،مستقبل میں بطور کھلاڑی ٹیم کیلئے کردار ادا کرنے کیلئے بھی پرجوش ہوں۔
