اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینٹیکس محصولات میں اضافہ، وزیراعظم کی وزارت خزانہ ،ایف بی آر کی...

ٹیکس محصولات میں اضافہ، وزیراعظم کی وزارت خزانہ ،ایف بی آر کی کاوشوں کی تعریف

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی ٹیکس محصولات میں اضافے پر وزارت خزانہ ،ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ٹیکس نادہندگان سمیت تمام صنعتوں کی پیداوار ڈیجیٹائز کرکے ٹیکس نیٹ میں لانے کی ہدایت کی ہے اور واضح کیا ہے کہ پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کیلئے اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

بدھ کو وزیراعظم کی زیر صدارت ایف بی آرکی ڈیجیٹائزیشن و دیگر اصلاحات بارے ہفتہ وار جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر و اطلاعات عطا اللہ تارڑ، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ ،چیئرمین ایف بی آر اور دیگر اعلی سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ مالی سال 2024-25ء میں اصلاحات اور ٹیکس قوانین کے نفاذ کے ذریعے گزشتہ سال کی نسبت کل 865ارب روپے کی زائد محصولات وصول کی گئیں جو کہ 8گنا کا تاریخ ساز اضافہ ہے۔ مالی سال 2024-25ء میں ٹیکس کا مجموعی پیداوار سے تناسب 11.3فیصد رہا جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 1.5فیصد زائد ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ ٹریک اینڈ ٹریس ڈیجیٹل پروڈکشن سسٹم کو اب تک چینی، تمباکو اور فرٹیلائزر میں مکمل طور پر نافذ کر دیا گیا ہے جبکہ سیمنٹ اور دیگر صنعتوں میں جلد مکمل نافذ ہو جائے گا۔ وزیراعظم نے سال 2024-25ء میں وفاقی ٹیکس محصولات میں گزشتہ 10سالوں کی نسبت 42فیصد اضافے پر وزارت خزانہ اور ایف بی آر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئے مالی سال میں محصولات کی وصولی اور دیگر معاشی اہداف کو حاصل کرنے بھی اسی مستعدی کا مظاہرہ کیا جائے ، اس میں کسی قسم کی اداراہ جاتی سستی کو برداشت نہیں کیا جائے گا،تمام ادارے مکمل جانفشانی سے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے روشن معاشی مستقبل کیلئے معاشی اہداف کے حصول میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ محصولات کی وصولی اور معاشی اہداف کے تمام مراحل کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہا ہوں۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ٹیکس نادہندہ اور تمام صنعتوں کے پیداواری عمل کو ڈیجیٹائز کر کے ٹیکس نیٹ میں لایا جائے۔ انہوں نے ایف بی آر کے افسران کو ہدایت کی کہ محصولات کی وصولی اور اپنے فرائض کی ادائیگی میں ایف بی آر عوام سے عزت و تکریم کے ساتھ پیش آئے،ملکی معیشت کی ترقی کے لیے تمام سرکاری ادارے ایف بی آر کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

وزیراعظم نے ریٹیل کے شعبے میں ایف بی آر کے پوئنٹ آف سیل سسٹم کا دائرہ کار مزید وسیع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری اور ٹیکس دہندگان کو مکمل سہولیات فراہم کرنے کیلئے ایف بی آر تمام دروازے کھلے رکھے۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!