الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کے روشنی میں قومی و صوبائی اسمبلیوں کے مخصوص نشستیں بحال کردیں۔
الیکشن کمیشن نے مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کردیا گیا، قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں 74 مخصوص نشستوں کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
الیکشن کمیشن نے 19 ممبران قومی اسمبلی کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کیا، مخصوص نشستوں کی بحالی سے قومی اسمبلی میں ن لیگ کی نشستوں میں 13، پیپلزپارٹی کی نشستوں میں 4 جبکہ جے یو آئی کی نشستوں میں 2 کا اضافہ ہوگیا۔
قومی اسمبلی میں خیبرپختونخوا سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر 5 ارکان کو بحال کردیا گیا۔ پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں پر11 ارکان بحال ہوگئے۔ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر 3 ارکان بحال ہوگئے۔
پنجاب اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر24، اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر 3 ارکان بحال ہوگئے۔ پنجاب اسمبلی میں ن لیگ کی نشستوں میں 23 جبکہ پیپلزپارٹی کی نشستوں میں 2 کا اضافہ ہوگیا۔ آئی پی پی اور ق لیگ نشستوں میں 1،1 کا اضافہ ہوا۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر21 جبکہ اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر4ارکان بحال ہوگئے۔ جےیوآئی کی نشستوں میں 10، ن لیگ کی نشستوں میں 7 ، پیپلزپارٹی کی نشستوں میں 6 جبکہ اے این پی اور پی ٹی آئی پی کی نشستوں میں 1،1 کا اضافہ ہوگیا۔
سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر 2 اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر ایک رکن کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔ سندھ اسمبلی پیپلزپارٹی کی نشستوں میں 2 جبکہ ایم کیوایم پاکستان کی نشستوں میں ایک کا اضافہ ہوگیا۔
