چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ سرنڈر کرنا پاکستان کی ڈکشنری میں شامل نہیں، آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے دہشتگردی کو شکست دیں گے۔
اسلام آباد میں پاکستان کی دہشتگردی کیخلاف جنگ کے موضوع پر عالمی کانفرنس سے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف پورے عزم کے ساتھ برسرپیکار ہے، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف سب سے زیادہ قربانیاں دیں، پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں بھاری نقصان اٹھایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی مسئلہ ہے، آئندہ نسلوں کے محفوظ مستقبل کیلئے دہشتگردی کو شکست دیں گے، پاکستان ہرگز دہشتگردوں کے سامنے نہیں جھکے گا، سرنڈر کرنا پاکستان کی ڈکشنری میں شامل نہیں۔ دنیا آکر ہماری مسلح افواج سے سیکھے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ افغانستان سے کہا وہ اپنی سرزمین پاکستان کیخلاف استعمال نہ ہونے دے، افغان عبوری حکومت دوحا معاہدے کی پاسداری کرے، عالمی برادری دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون کرے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ بے نظیر بھٹو نے اپنی آخری تقریر میں بھی دہشتگردوں کیخلاف بات کی، افغانستان کے کندھے سے کندھا ملا کر دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کو تیار ہیں، افغانستان اور پاکستان کے عوام کے جذبات سے کھیلنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ پاکستان خود دہشتگردی کا شکار ہے، آئیں،مسئلہ کشمیر کو عالمی قراردادوں کے مطابق حل کریں، بھارتی قیادت تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کرے، بھارت دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کا اعتراف کرے۔ پاکستان دہشتگردوں کیخلاف جنگ دنیا کے امن کیلئے لڑرہا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب اور سرحد نہیں ہوتی، دہشت گردی کی وجہ سے پاکستان کی معشیت متاثر ہوئی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں 92ہزار جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے۔ ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ سے نکل کر ہم نے اقتصادی تبدیلیاں کیں، پاکستان دنیا میں دہشتگردی کے خلاف کام کرنے والی سنجیدہ ریاست بنا۔
سابق وزیرخارجہ نے کہا کہ ڈیجیٹل پروپیگنڈا عصرحاضر کا پیچیدہ چیلنج ہے، ہمیں اپنا فوکس ڈیجیٹل فرنٹ کی طرف کرنا پڑے گا، اقوام عالم کو کشمیر سے فلسطین تک انصاف پر امن قائم کرنا ہوگا۔
