سی او ایس سی اوشپنگ کیمیلیا کاکنٹینر بردار جہاز چین کی شمالی تیانجن بلدیہ کی تیانجن بندرگاہ کے پیسفک انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل پرلنگر انداز ہے۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی وزارت تجارت نے کہا ہے کہ ملک فی الحال صورتحال کا جائزہ لے رہا ہے کیونکہ امریکہ نے حال ہی میں متعدد بار متعلقہ چینلز کے ذریعے رابطہ کیا ہے اور محصولات کے معاملات پر چین کے ساتھ بات چیت کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ چین کا یہ مستقل موقف رہا ہے کہ اگر اسے لڑنے پر مجبور کیا گیا تو وہ آخری دم تک لڑے گا اور اگر مذاکرات کرنے ہیں تو اس کے لئے دروازے کھلے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ محصولات اور تجارتی جنگوں کا آغاز یکطرفہ طور پر امریکہ نے کیا تھا اور اگر وہ مذاکرات کا خواہاں ہے تو اسے خلوص نیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تیاری کرنی ہوگی اور اپنی غلط پالیسیوں کی اصلاح کرنا اور یکطرفہ محصولات کو ختم کرنے جیسے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ چین نے دیکھا ہے کہ امریکہ محصولات سےمتعلق مسلسل اپنے اقدامات میں ردوبدل کے بارے میں بات کر رہا ہے، ترجمان نے کہا کہ کسی بھی ممکنہ بات چیت یا مذاکرات میں اگر امریکہ نے یکطرفہ محصولات کے اپنے غلط اقدامات کو درست نہیں کیا تو اس سے اخلاص کی مکمل کمی کا مظاہرہ ہوگا اور باہمی اعتماد کو مزید نقصان پہنچے گا۔
ترجمان نے زور دے کر کہا کہ قول و فعل میں تضاد یا مذاکرات کو جبر اور بلیک میلنگ کی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کرنا چین کے ساتھ کارگر نہیں ہوگا۔
