نئی بین الاقوامی زمینی ۔سمندری تجارتی راہدای پر ایک ٹرین رواں دواں ہے۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین کے مغربی علاقوں کو عالمی منڈیوں سے جوڑنے والے ایک اہم ترسیلی راستے، نئی بین الاقوامی زمینی ۔ سمندری تجارتی راہداری پر رواں سال کے ابتدائی 2 ماہ میں انٹرماڈل ریل ۔سمندری خدمت کے ذریعے 2 لاکھ 9 ہزار بیس فٹ مساوی یونٹس (ٹی ای یوز) کی نقل و حمل ہوئی۔
چائنہ ریلوے نان ننگ گروپ کے مطابق یہ گزشتہ برس کی نسبت 58.4 فیصد زیادہ ہے اور پہلے ہی 2019 کے مجموعی حجم کوعبورکرچکا ہے۔
مال بردار نقل و حمل کی طلب میں فروری کے دوران اضافہ ہوا تھا۔ چین کے جنوبی گوانگ شی ژواںگ خود مختار علاقے سے لکڑی اور پتھروں کے مواد پر مشتمل کھیپ کے ساتھ ساتھ وسطی صوبے ہونان سے چائے اور رول پیپر کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا۔
گوانگ شی نے رواں سال تجارتی راہداری کی ترقی میں معاونت کے لئے حال ہی میں 1 ارب یوآن (تقریباً 13 کروڑ 93 لاکھ 90 امریکی ڈالر) مختص کئے ہیں۔
انٹر ماڈل ریل۔ سمندری خدمت میں تجارتی راہداری کے ذریعے نقل و حمل کی اقسام کی تعداد بڑھ کر 1 ہزار 234 ہوچکی ہے۔
اس راہداری کا فعال مرکز چین کی جنوب مغربی بلدیہ چھونگ چھنگ میں واقع ہے ۔ چین کے گوانگ شی اور یون نان جیسے جنوبی صوبائی علاقوں سے گزرتی یہ تجارتی راہداری ریلوے ، سمندری راستوں اور شاہراہوں کے ذریعے عالمی بندرگاہوں کو منسلک کرتی ہے۔
مال بردار خدمت اب 73 مقامی شہروں میں 158 مقامات کا احاطہ کررہی ہے اور اس نے 127 ممالک اور خطوں کی 556 بندرگاہوں تک اپنی رسائی بڑھادی ہے۔
