روس کے شہر کازان میں 16ویں برکس سربراہ اجلاس کے پریس سنٹر میں ذرائع ابلاغ کےنمائندے کام میں مصروف ہیں-(شِنہوا)
ساؤپولو(شِنہوا)برازیل نے برکس گروپ (برازیل، روس، بھارت، چین اور جنوبی افریقہ) کی صدارت سنبھال لی ہے، جس کا ایجنڈا عالمی جنوب تعاون کو مضبوط بنانے پر مرکوز ہے۔
برازیل کی حکومت کے ایک بیان کے مطابق یہ بین الاقوامی نظم ونسق میں اصلاحات اور اپنے ارکان کے درمیان تجارت کو آسان بنانے کے لئے طریقہ کار بنانے پر بھی توجہ مرکوز کرےگا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گروپ عالمی جنوب کے ممالک کے لئے اہم سیاسی اور سفارتی فورمز میں سے ایک ہے جس کی توجہ مختلف شعبوں میں تعاون پر مرکوز ہے۔
اس کےکلیدی اہداف میں اراکین کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو آسان بنانے کے لئے ادائیگی کا نظام تشکیل دینا، مصنوعی ذہانت کی جامع اور ذمہ دارانہ نظم ونسق کو فروغ دینا اور موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لئے مالیاتی طریقہ کار کو بہتر بنانا شامل ہے۔
ایجنڈے میں عالمی جنوب کے ممالک کے درمیان صحت عامہ سمیت مشترکہ منصوبوں اور برکس کے ادارہ جاتی ڈھانچے کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
اس سال کے آخر تک میزبان ملک کی حیثیت سے برازیل ورکنگ گروپ کے اجلاسوں کا بھی اہتمام کرےگا، جس میں رکن ممالک کے نمائندوں کو اپنی ترجیحات پر تبادلہ خیال اور عملدرآمد کے لئے اکٹھا کیا جائےگا۔
