چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے شہر گوانگ ژو میں 22ویں گوانگ ژو بین الاقوامی آٹو موبیل نمائش میں بی وائے ڈی کی یانگ وینگ یو 7 گاڑی کھڑی ہے-(شِنہوا)
شین زین(شِنہوا) چینی کار ساز کمپنی بی وائے ڈی کی نئی توانائی کی گاڑیوں(این ای وی) کی فروخت 2024 میں گزشتہ سال کی نسبت 41.26 فیصد اضافہ سے 42 لاکھ 70 ہزار یونٹس سے زائد رہی۔
بی وائے ڈی نے شین زین سٹاک ایکسچینج میں پیش کردہ تفصیلات میں کہا ہے کہ این ای وی شعبے میں مسافر گاڑیوں کا راج رہا جس کی فروخت 42لاکھ 50 ہزار یونٹس تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال سے 41.07 فیصد زائد ہے۔
تعداد کے لحاظ سے مکمل الیکٹرک گاڑیاں 17لاکھ60 ہزار یونٹس سے زائد تھیں جن میں گزشتہ سال سے 12.08 فیصد اضافہ ہوا۔ پلگ ان ہائی برڈ گاڑیوں کی فروخت 72.83 فیصد اضافے سے تقریباً 24لاکھ 90 ہزار یونٹس ہوگئی۔
ادھربی وائے ڈی کی مسافر این ای ویز کی بیرون ملک فروخت گزشتہ سال کی نسبت 71.9 فیصد اضافے سے 4لاکھ 17 ہزار 200 یونٹ ہوگئی جس سے بین الاقوامی منڈیوں میں کمپنی کی موجودگی کا پھیلاؤ ظاہر ہوتا ہے۔
بی وائے ڈی چند این ای وی کار سازوں میں سے ایک ہے جس کی فروخت میں بے پناہ اضافہ ہوا۔دنیا میں سب سے زیادہ موٹر گاڑیوں کا حامل ملک چین ماحول دوسٹ ٹیکنالوجی پر اپنی منتقلی جاری رکھے ہوئے ہے۔
چائنہ ایسوسی ایشن آف آٹو موبیل مینوفیکچررز کے مطابق چینی کارسازوں نے 2024 کے پہلے 11 ماہ میں ایک کروڑ 12لاکھ 60 ہزار سے زائد این ای ویز فروخت کیں جس میں گزشتہ سال کی نسبت 35.6فیصد اضافہ ہوا۔
موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا ایک عالمی ترجیح بن چکا ہے، ایسے میں این ای ویز نقل و حمل کے شعبے میں کاربن کا اخراج کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔توانائی کے بین الاقوامی ادارے کے مطابق 2030 تک کاربن کے اخراج کے مکمل خاتمے کے اہداف پورے کرنے کے لئے این ای ویز کی عالمی فروخت 4 کروڑ 50 لاکھ یونٹس تک کرنا ہوں گی۔
