ہنگری کے وزیر اعظم کے سیاسی ڈائریکٹر بلاز اینڈراس اوربان ہنگری کے بوداپست میں شِنہوا کو خصوصی انٹرویو دے رہے ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) ہنگری کے وزیر اعظم کے سیاسی ڈائریکٹر بلاز اینڈراس اوربان نے کہا ہے کہ چین کا عروج تمام ممالک کے لیے ایک موقع ہے اور ہنگری چین کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے تیار ہے۔
اس سال چین اور ہنگری کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ ہے۔ دونوں ممالک کی قیادت کی تزویراتی رہنمائی میں چین-ہنگری تعلقات ایک نئے دور کے لیے سدا بہار جامع تزویراتی شراکت داری میں تبدیل ہوئے ہیں۔
دونوں فریقین کے درمیان سیاسی اعتماد گہرا ہونے پر تبصرہ کرتے ہوئے اوربان نے کہا کہ دونوں رہنماؤں کے درمیان دوستی ہمیں دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے لیے ایک مضبوط ستون فراہم کرتی ہے۔
شِنہوا کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں اوربان نے کہا کہ میں چین کے ساتھ تعاون کے لیے کئی شعبوں اور امکانات کو دیکھتا ہوں ۔انہوں نے بوداپست-بلغراد ریلوے کا دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کی ایک مثال کے طور پر ذکر کیا۔
بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو(بی آر آئی)اور چین اور وسطی و مشرقی یورپی ممالک کے درمیان تعاون کے تحت ایک اہم منصوبہ کے طور پر بوداپست-بلغراد ریلوے 2025 تک مکمل طور پر فعال ہونے کی توقع ہے۔ اس وقت تک یہ ریلوے مشرقی اور وسطی یورپ کو جوڑنے کے لیے ایک اہم مرکز کے طور پر کام کرے گی جس سے ہنگری، سربیا اور ارد گرد کے علاقوں میں لاجسٹکس اور مسافروں کی نقل و حرکت کی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔
