چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین کا موقف ہے کہ ایران کے جوہری مسئلے کا پرامن حل صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے کہا ہے کہ ایران کے جوہری مسئلے کا پرامن حل صرف سیاسی اور سفارتی ذرائع سے ہی ممکن ہے اور وہ طاقت کے استعمال کی دھمکی، پابندیوں کے نفاذ اور دباؤ ڈالنے کی پالیسیوں کی مخالفت کرتا ہے۔
چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیا کن نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جانب سے قرارداد 2231 میں تکنیکی توسیع کے لئے چین اور روس کی طرف سے پیش کردہ مسودہ قرارداد کو منظور نہ کئے جانے پر ردعمل کا اظہار کیا۔
گو جیا کن نے کہا کہ اس مسودہ قرارداد کا مقصد ایران کے جوہری مسئلے پر سفارتی مذاکرات کے لئے مزید وقت اور گنجائش پیدا کرنا تھا تاکہ اس مسئلے کا بالآخر سیاسی حل تلاش کیا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ "سنیپ بیک” کا طریقہ کار آگے بڑھانا غیر تعمیری ہے اور اس نے مسئلے کے سیاسی اور سفارتی حل کے عمل کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔
گو نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بحران کی بنیادی وجہ امریکہ کا یکطرفہ طور پر مشترکہ جامع لائحہ عمل سے علیحدہ ہونا ہے۔ چین نے امریکہ اور یورپی ممالک پر زور دیا کہ وہ سیاسی خلوص کا مظاہرہ کریں، سفارتی کوششیں تیز کریں اور ایران کے جوہری مسئلے کو دوبارہ سیاسی اور سفارتی حل کے راستے پر لائیں اور صورتحال مزید بگڑنے سے روکیں۔
