اداکارہ فائزہ حسن نے کہا کہ مجھے زندگی میں بار بار محبت ہوتی رہی، ایک وقت ایسا بھی آیا کہ مجھے خود پر ہی بھروسہ نہیں رہا کہ ہر کچھ دن بعد کوئی مجھے اچھا لگنے لگتا ہے۔
ایک پرو گرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے زندگی میں کئی بار یک طرفہ محبت ہوئی ہے، پہلی مرتبہ سترہ سال کی عمر میں محبت ہوئی تھی، لیکن چند ماہ بعد دوبارہ محبت ہوگئی،ایک شخص کے لیے میری کیفیت دو سے تین سال تک برقرار رہی اور اس وقت مجھے لگا کہ شاید یہ حقیقی محبت ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ جب میںانڈسٹری میں نئی آئی تھیں تو والدہ نے مجھے سمجھایا تھا کہ اگر کبھی کوئی اپنے جذبات کا اظہار کرے تو بدتمیزی نہیں کرنا بلکہ آرام سے انکار کر دینا۔ فائزہ حسن نے کہا کہ میںنے ہمیشہ اپنی والدہ کی نصیحت پر عمل کیا اور ایسی صورتحال میں شائستگی سے انکار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شوبز کی شروعات میں مجھے بڑے کرداروں کی پیشکش نہیں ہوتی تھی، چھوٹے کردار ہی آتے تھے، مگر میری ہمیشہ سے خواہش تھی کہ ایک اچھی اداکارہ بنوں، اسی لیے میں نے ماڈلنگ کا رخ کیا، جہاں مجھے آسانی سے کام ملنے لگا اور مقبولیت حاصل کرنے کے بعد ڈراموں میں بھی اچھے کرداروں کی پیشکش ہونے لگیں۔
فائزہ حسن نے مزید کہا کہ انڈسٹری میں داخلے کے وقت میرا جسم بالکل مناسب تھا اور میں فربہ نہیں تھی، لیکن اس کے باوجود لوگ مجھے مشورے دیتے تھے کہ ناک کی سرجری کروا لیں یا وزن کم کر لیں۔
