بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ ویڈیو لنک ٹرائل کا کہہ کر دھوکے سے حاضری لگوائی گئی، عمران خان اب پیش نہیں ہوں گے، بانی پی ٹی آئی کیلئے نئی نئی غیر قانونی چیزیں ایجاد کی جارہیں، ججز اور پراسیکیوشن کو ایسا نہیں کرنا چاہئے، بانی کی اڈیالہ جیل سے منتقلی بارے علم نہیں۔
راولپنڈی کچہری میں پیشی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں غلط بیانی سے ایک کمرے میں لے جاکر ویڈیو لنک کا کہہ کر دھوکے سے حاضری لگوائی گئی، ویڈیو لنک میں 3 بار پیش کیا گیا مگر مجھے کوئی آواز نہیں آئی کیا ہو رہا ہے؟۔
انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے کہا ہے کہ اب وہ اپنے سیل سے باہر نکلیں گے نہ ویڈیو لنک کے ذریعے پیش ہوں گے۔ انہوں نے کہا ہے کہ یہ غیر قانونی ٹرائل ہے، جس میں وکلاء کے بغیر میں پیش نہیں ہوں گا۔علیمہ خان نے کہا کہ یہ لوگ عمران خان کیلئے نئی نئی غیر قانونی چیزیں ایجاد کر رہے ہیں ،ججز اور پراسیکیوشن کو یہ کام نہیں کرنا چاہئے، امید ہے عمران خان کو فیئر ٹرائل کا حق ملے گا، یا وہ عدالت میں پیش ہوں گے یا عدالت ان کے پاس اڈیالہ جیل جائے گی۔
ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اڈیالہ جیل سے منتقلی بارے علم نہیں ، نہ ہی وکلاء کو اس بارے کچھ معلوم ہے۔
