اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے 75 ویں یوم تاسیس پر چینی صدر، وزیراعظم اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کی زیرقیادت چین کی ناقابل یقین ترقی پر فخر ہے،علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لئے تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چین کے 75ویں یوم تاسیس پر سوشل میڈیا سائٹ پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے چینی صدر، وزیراعظم اور عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر شی جن پنگ کی زیرقیادت چین کی ناقابل یقین ترقی پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی ہیں، دونوں ممالک کی سٹریٹجک شراکت داری وقت کے ساتھ مضبوط ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین سی پیک کی کامیابی کیلئے مکمل طور پر پرعزم ہیں، علاقائی امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کیلئے تعلقات کو مزید مستحکم بنائیں گے۔
