ممبئی: بالی ووڈ کی ایوورگرین اداکارہ ریکھا نے کہا ہے کہ میرے شوہر مکیش اگروال کی خودکشی نے مجھے زندگی کا سب سے بڑا سبق پڑھایا تھا، اس نے مجھے سمجھایا کہ دنیا درحقیقت کیسی ہے۔
ادا کاراہ کا ایک پرانا انٹرویو وائرل ہو رہا ہے جس میں انہوں نے اپنے شوہر کی موت کے بعد پہلی بار لب کشائی کی اور اس واقعے کو اپنی زندگی کا سب سے بہترین سبق قرار دیا۔
ریکھا نے بتایا کہ یقینی طور پر یہ محبت کی شادی نہیں تھی، مجھے مکیش اجنبی لگتے تھے۔ سینئر اداکارہ نے بتایا کہ ہم نے پہلی ملاقات کے چند مہینوں بعد ہی ایک دوسرے سے شادی کا فیصلہ کرلیا تھا۔ شادی کے بعد جب گھومنے کے لیے لندن گئے تو پہلی بار احساس ہوا کہ ہم دونوں کی سوچ اور مزاج مختلف ہیں، چند ہی مہینوں میں ہم دونوں نے علیحدگی کا فیصلہ کرلیا تھا۔
ریکھا نے وضاحت دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہمارے رشتے میں ایک مرحلہ ایسا آیا جہاں ہم دونوں نے سمجھ لیا کہ یہ نااتفاقی ختم نہیں ہوسکتی۔ گوکہ طلاق کا فیصلہ باہمی تھا لیکن طلاق کا خیال سب سے پہلے مکیش نے پیش کیا تھا۔
ریکھا نے بتایا کہ شوہر کی موت کے بعد میں صدمے، انکار، غصے، خود ترسی اور پھر آخرکار قبولیت کے مراحل سے گزری۔ اس واقعے کے بعد ریکھا نے دوبارہ شادی نہیں کی۔
