اتوار, جولائی 27, 2025
تازہ ترینہانگ کانگ کا صحت اور طبی تحقیق میں عالمی مرکز بننے کا...

ہانگ کانگ کا صحت اور طبی تحقیق میں عالمی مرکز بننے کا عزم

 

ہانگ کانگ میں پیر کے روز ’پانچویں ایشیا سمٹ آن گلوبل ہیلتھ‘ کا آغاز ہوا، جسے ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے ( ایچ کے ایس اے آر)کی مقامی   حکومت اور ہانگ کانگ ٹریڈ ڈیولپمنٹ کونسل نے مشترکہ طور پر منعقد کیا ہے۔ اس بین الاقوامی سربراہی اجلاس  میں دنیا کے تقریباً 40 ممالک اور خطوں سے 2,800 سے زائد ماہرین اور صنعتی رہنما براہ راست اور آن لائن شرکت کر رہے ہیں، جن کا مقصد طبی ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع کا جائزہ لینا ہے۔

ہانگ کانگ خصوصی انتظامی خطے ( ایچ کے ایس اے آر) کے چیف ایگزیکٹو جان لی نے افتتاحی خطاب میں کہا کہ حکومت شہر کو عالمی سطح پر صحت اور طبی جدت کا مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہے۔ اُنہوں نے واضح کیا کہ یہ ترقی ’ایک ملک، دو نظام‘ کے اصول کے تحت ہانگ کانگ کی منفرد حیثیت کو استعمال کرتے ہوئے حاصل کی جائے گی۔

’مشترکہ مستقبل کے لیے عالمی اشتراک‘ کے عنوان سے منعقدہ اس سمٹ کا مقصد دائمی بیماریوں اور عمر رسیدہ آبادی جیسے عالمی چیلنجز کا حل تلاش کرنا ہے۔

افتتاحی خطاب میں چیف ایگزیکٹو جان لی نے کہا کہ ہانگ کانگ کو ملکی سطح پر بھرپور حمایت حاصل ہے اور حکومت سائنسی تحقیق اور طبی ٹیکنالوجی کو فروغ دینے کے لیے بھرپور وسائل فراہم کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ گریٹر بے ایریا انٹرنیشنل کلینیکل ٹرائل انسٹی ٹیوٹ نے ہانگ کانگ سائنس پارک میں کام شروع کر دیا ہے، جو دو مقامی میڈیکل اسکولز کے ساتھ مل کر کلینیکل ریسرچ کے منصوبوں پر کام کرے گا۔

اس کے علاوہ ، ہانگ کانگ دواسازی اور طبی آلات کے لیے بین الاقوامی معیار کا ایک نیا ریگولیٹری نظام قائم کرنے کے لیے سرگرم ہے۔  "1+” کے نام سے نئی دوا کی منظوری کا ایک مربوط طریقہ کار متعارف کرایا جا رہا ہے، جس کا مقصد منظوری کے عمل کو تیز تر اور مؤثر بنانا ہے تاکہ دنیا بھر کی جدید طبی کمپنیاں ہانگ کانگ کا رُخ کریں۔

چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن کے نائب سربراہ کاؤ شویتاؤ نے  کہا کہ صحت کے شعبے میں جدت کے فروغ کے لیے ہانگ کانگ کو نمایاں برتری حاصل ہے۔ اُن کا کہنا تھا کہ ہانگ کانگ کا اسٹریٹجک محلِ وقوع، جدید انفرااسٹرکچر، اعلیٰ تحقیقی صلاحیتیں اور بین الاقوامی کاروباری ماحول اسے صحت کے شعبے میں پیش رفت کے لیے ایک مثالی مقام بناتے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ گریٹر بے ایریا کی ترقی ہانگ کانگ اور ایشیا کی طبی صنعت کو زبردست رفتار فراہم کر رہی ہے۔

عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اذانوم گیبریئسس نے ویڈیو پیغام میں دنیا کو درپیش صحت کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے کثیرالملکی تعاون پر زور دیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ دنیا کو ‘عالمی صحت کے مشترکہ مستقبل’ کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے  اور ایک زیادہ صحت مند، محفوظ اور منصفانہ دنیا کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں۔

دو روزہ سربراہی اجلاس ’’چوتھے انٹرنیشنل ہیلتھ کیئر ویک‘‘ کا ایک اہم حصہ ہے، جس میں 16ویں ہانگ کانگ انٹرنیشنل میڈیکل اینڈ ہیلتھ کیئر فیئر بھی شامل ہے۔

اس فیئر میں 13 ممالک اور خطوں سے تقریباً 300 نمائش کنندگان شریک ہیں، جن میں سات مقامی جامعات اور ہانگ کانگ کی پچاس سے زائد جدید طبی اور اختراعی کمپنیاں شامل ہیں، جو مقامی سطح پر تیار کی گئی ٹیکنالوجی اور طبی ترقیات کی نمائندگی کر رہی ہیں۔

ہانگ کانگ، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!