ایران پر امریکہ و اسرائیل کے حملوں کیخلاف کراچی میں بڑا مظاہرہ کیا گیا ہے، مشتعل مظاہرین نے امریکی قونصل خانے کے اندر داخل ہونے کی کوشش کی جس پر ہنگامہ آرائی کے بعد پولیس کیساتھ جھڑپوں میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں۔
پولیس کے مطابق مظاہرین نے امریکی قونصل خانے پر پتھراؤ کیا جس پر پولیس اور رینجرز نے کارروائی کرتے ہوئے آنسو گیس شیل کا استعمال کیا اور انکو پیچھے دھکیل دیا۔
مائی کولاچی روڈ پر امریکن قونصلیٹ کے قریب ہنگامہ آرائی اور ایم ٹی خان روڈ پر مظاہرین کے پتھراؤ کے بعد پولیس کی جانب سے شدید شیلنگ کی گئی، سلطان آباد پل کے نیچے ٹریفک پولیس چوکی کو بھی آگ لگا دی گئی ہے۔
سول ہسپتال کے ٹراما سینٹر کے سربراہ ڈاکٹر صابر میمن نے میڈیا سے ٹیلیفون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے پاس 8لاشیں اور 24زخمی لائے گئے ہیں جنہیں طبی امداد فراہم کی جارہی ہے ، لاشوں کی شناخت کا عمل جاری ہے، فی الوقت زیادہ معلومات فراہم نہیں کرسکتا، شناخت کا عمل مکمل ہونے پر تفصیلات فراہم کر سکتا ہوں۔
علاوہ ازیں نمائش چورنگی جانیوالے راستے ٹریفک کیلئے بند کر دئیے گئے۔
مولوی تمیز الدین روڈ پر پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے، سلطان آباد سے مائی کولاچی کی جانب جانیوالی سڑک بھی بند کر دی گئی ہے۔
ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث مختلف علاقوں میں آمد و رفت معطل ہے، جناح برج سے آنیوالی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی طرف موڑا جا رہا ہے جبکہ بوٹ بیسن سے آنیوالی ٹریفک کو مائی کولاچی پھاٹک سے یوٹرن کرایا جا رہا ہے، پی آئی ڈی سی سے آنیوالی گاڑیوں کو پارک کٹ سے واپس بھیجا جا رہا ہے۔




