وزیراعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملک کی داخلی اور مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اٹلی میں ہونیوالے چار ملکی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں بریفنگ دی جس میں پاکستان کے علاوہ اٹلی، سپین اور یونان کے وزرا داخلہ شریک ہوئے۔
محسن نقوی نے پولینڈ میں ہونیوالے چھ فریقی وزرائے داخلہ اجلاس میں اپنی شرکت کے بارے میں بھی وزیراعظم کو بریف کیا جس میں پاکستان اور پولینڈ کے علاوہ لیٹویا، فن لینڈ، ایسٹونیا اور لیتھوانیا کے وزرا داخلہ نے شرکت کی۔
وزیر داخلہ نے بتایا کہ دونوں کانفرنسز میں شریک ممالک نے پاکستانیوں کیلئے قانونی ورک پرمٹ کے جلد از جلد اجرا پر اتفاق کیا ہے جبکہ رکن ممالک نے یورپی ممالک کی جانب سے غیر قانونی طور پر سفر کرنیوالوں کی تعداد میں صرف ایک سال میں 47فیصد کمی لانے اور انسانی سمگلنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات پر پاکستان کی کارکردگی کو سراہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پولینڈ اور اٹلی پاکستان کی سفارتی اور سرکاری پاسپورٹ رکھنے والوں کیلئے جلد ویزا کی شرط ختم کردینگے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امیگریشن اور بارڈر سکیورٹی کی صلاحیت اور استعداد کار میں بہتری کیلئے یورپی یونین میں جلد پلان بھی پیش کیا جائیگا۔
وزیراعظم نے وزیر داخلہ کی کاشوں کو سراہا۔




