چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے چھاؤ یان گانگ آثار قدیمہ مقام سے دریافت ہونے والے فائر ڈرلنگ ٹول سیٹ کا فائر بورڈ دیکھا جاسکتا ہے۔(شِنہوا)
نان جِنگ(شِنہوا)ماہرین آثار قدیمہ نے چین کے مشرقی صوبے جیانگسو میں آثار قدیمہ کے مقام پر تقریباً 7 ہزار سال قدیم فائر ڈرلنگ ٹول سیٹ دریافت کیا ہے جو چین میں اب تک دریافت ہونے والا آگ سلگانے کا قدیم ترین ٹھوس ثبوت ہے۔
چھاؤ یان گانگ کے مقام پر کھدائی کرنے والے ثقافتی نوادرات اور آثار قدیمہ کے صوبائی انسٹی ٹیوٹ کے محقق گان ہوئی یوآن نے کہا کہ نیا دریافت ہونے والا ٹول سیٹ ڈرل سٹک اور فائر بورڈ پر مشتمل ہے۔
ڈرل سٹک کی لمبائی 60 سینٹی میٹر ہے جبکہ فائر بورڈ 30 سینٹی میٹر لمبا ہے۔اس بھورے آرٹیفیکٹ پر 10 گول گہرے سیاہ نقوش ہیں جو جلنے کے واضح آثار ظاہر کرتے ہیں۔
گان نے کہا کہ یہ ٹول سیٹ نہ صرف اس مقام سے ملنے والا سب سے لمبا ٹول سیٹ ہے بلکہ اب تک دریافت ہونے والا سب سے محفوظ فائر ڈرلنگ سامان بھی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ کھدائی شروع ہونے کے بعد سے یہاں سے کئی فائر ڈرلنگ اوزار دریافت ہوئے ہیں۔
80 ہزار مربع میٹر پر محیط چھاؤ یان گانگ مقام سے آگ لگانے والے اوزار کے علاوہ بھی بے شمار اشیاء دریافت ہوئی ہیں۔
