متحدہ عرب امارات میں مقیم کاروباری شخصیت اور دنگل ورلڈ کپ کی سرپرستی و رہنمائی کرنیوالے ڈائریکٹر ملک منیر اعوان نے کہا ہے کہ دنگل ورلڈکپ کے پاکستان سیزن کا باضابطہ آغاز 23مارچ 2026 کو پاکستان میں ہوگا جس کے بعد اگلا بین الاقوامی سیزن دبئی میں منعقد کیا جائیگا۔
دنگل ورلڈکپ کے سلسلے میں یکم فروری کو اسلام آباد میں آرگنائزر ٹیم کی جانب سے پریس کانفرنس کے دوران ایونٹ کی تیاریوں، شریک ممالک اور عالمی ٹیموں کی شرکت سے متعلق تفصیلات جاری کی گئیں جس کے مطابق میگا ایونٹ عالمی ہم آہنگی، نوجوان کھلاڑیوں کے فروغ اور مختلف ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو مضبوط بنانے کا اہم ذریعہ بنے گا، دنیا بھر سے پہلوان اور سپورٹس نمائندگان مقابلے میں شرکت کرینگے جبکہ آئندہ سیزن دبئی میں منعقد کرنے کا اعلان بھی اس عالمی سلسلے کو مزید وسعت دیگا۔
دنگل ورلڈ کپ کے سی ای او عمران شاہ اور ملک منیر اعوان اس عالمی ایونٹ کی سرپرستی اور انتظامی قیادت میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں، منتظمین کے مطابق رمضان المبارک کے دوران دبئی میں عالمی ٹیموں کے نمائندگان کے اعزاز میں خصوصی تقریب کا اہتمام بھی کیا جائیگا جس میں آئندہ دبئی سیزن کے انتظامات اور منصوبہ بندی سے متعلق مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔
کھیلوں کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان میں افتتاحی مقابلے کے انعقاد اور اسکے بعد دبئی میں اگلے سیزن کی میزبانی سے یہ ایونٹ خطے کیلئے بڑی عالمی سپورٹس سرگرمی کی شکل اختیار کر سکتا ہے جو کھیل کے ذریعے دوستی، اتحاد اور بین الاقوامی رابطوں کو مزید مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کریگا۔




