معروف بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور بھومیکا چالہ کی 2003میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی مشہور فلم تیرے نام ایک مرتبہ پھر مختصر وقت کیلئے ریلیز کی جا رہی ہے جس کا شیڈول بھی سامنے آگیا ہے۔
فلمی شائقین اور سلمان خان کے مداحوں کیلئے رومانس، دل توڑنے والے مناظر، ناقابل فراموش موسیقی کو دوبارہ تازہ کرنے کا موقع ملے گا۔
بھارتی سینما چین پی وی آر اور اینوکس نے تیرے نام کی دوبارہ ریلیز کا باقاعدہ اعلان کردیا ہے اور سوشل میڈیا پر جاری بیان میں تاریخ بھی بتا دی ہے۔
سلمان خان کی مشہور فلم کی دوبارہ ریلیز کے حوالے سے توقعات کا اظہار کیا گیا ہے کہ اس سے نہ صرف پہلی مرتبہ ریلیز کے وقت دیکھنے والے مداحوں کی توجہ حاصل ہوگی بلکہ وہ نوجوان جنہوں نے اس فلم کو ٹی وی یاسٹریمنگ پلیٹ فارمز میں دیکھا ہے وہ بھی سنیما کا رخ کریں گے اور فلم سے محظوظ ہونگے۔
پی وی آر اور اینوکس نے انسٹاگرام پر جاری بیان میں کہا ہے کہ رواں ماہ پیار کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی صرف پی وی آر اور اینوکس میں ان بلاک بسٹر فلموں کے رومانس کے مختلف روپ کا تجربہ کریں۔
سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم تیرے نام 27فروری کو دوبارہ ریلیز کی جائیگی، اس کیساتھ شاہ رخ خان اور ایشوریہ رائے کی فلم دیوداس 6فروری اور اجے دیوگن کی یووا 20فروری کو دوبارہ ریلیز کی جائیگی۔
تیرے نام دو دہائیاں گزرنے کے باوجود مشہور گانوں، ڈائیلاگز اور سلمان خان کی بطور رادھے یادگار اداکاری شائقین میں تازہ ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سلمان خان کی تیرے نام کی دوبارہ ریلیز بالی ووڈ کی مشہور فلموں کی سنیما گھروں میں دوبارہ ریلیز کرنے کے وسیع ٹرینڈ کا حصہ ہے جس کے تحت شاہ رخ خان، اجے دیوگن، ابھیشک بچن اور ویوک اوبرائے کی فلمیں بھی ریلیز ہو رہی ہیں۔




