شنگھائی (شِنہوا) شنگھائی میں غیر ملکی شہریوں کی عارضی رہائش کے اندراج کی تعداد 2025 میں 71 لاکھ 39 ہزار کی ریکارڈ سطح تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 49.6 فیصد زیادہ ہے۔
شنگھائی میونسپل پبلک سکیورٹی بیورو کے ایگزٹ اینڈ انٹری ایڈمنسٹریشن کور کے مطابق یہ تعداد 2024 میں ہی دوگنی ہو چکی تھی جو بین الاقوامی سیاحوں کے لئے شہر کی بڑھتی ہوئی کشش کی عکاسی کرتی ہے۔
چین میں قیام کرنے والے غیر ملکیوں کے لئے رہائش کا اندراج لازمی ہوتا ہے۔ 2025 میں عارضی رہائش کے 94.7 فیصد اندراج براہ راست ہوٹلوں کے ذریعے کئے گئے جس سے ہوٹل میں رہائش کا عمل مزید آسان ہو گیا۔
شنگھائی کی رہائشی آبادیوں میں رہنے والے غیر ملکیوں میں سے 84.8 فیصد نے آن لائن پلیٹ فارم کے ذریعے خود اندراج کو ترجیح دی جس سے رجسٹریشن کا عمل آسان اور موثر ہوگیا۔
اس کے علاوہ 2025 میں شنگھائی میں غیر ملکیوں کو جاری کئے گئے ویزوں اور رہائشی اجازت ناموں کی تعداد مسلسل دوسرے سال 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی جبکہ رہائشی پرمٹس جیسے طویل المدتی اجازت ناموں کا حصہ 10 فیصد پوائنٹس بڑھ گیا۔




