چین کی برقی گاڑیاں تیار کرنے والی معروف کمپنی ایکس پینگ کی ذیلی کمپنی ایکس پینگ ائیر ہوٹ نے پیر کے روز دنیا کی پہلی جدید فیکٹری میں اڑنے والی کاروں کی آزمائشی پیداوار شروع کر دی ہے۔ یہ قدم مستقبل کے نقل و حمل کو تجارتی طور پر متعارف کرانے کی جانب ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔
چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے دارالحکومت گوانگ ژو کے ضلع ہوانگ پو میں قائم یہ فیکٹری ایک لاکھ بیس ہزار مربع میٹر رقبے پر پھیلی ہوئی ہے۔ اس فیکٹری نے اپنی ماڈیولر اڑنے والی کار کا پہلا جدا ہونے والا برقی طیارہ تیار کر لیا ہے۔
یہ سہولت سالانہ دس ہزار جدا ہونے والے طیارہ ماڈیولز کی پیداوار کے لئے ڈیزائن کی گئی ہے جس کی ابتدائی گنجائش پانچ ہزار یونٹس ہے۔ یہ اپنی نوعیت کی کسی بھی فیکٹری کے مقابلے میں سب سے بڑی پیداواری صلاحیت رکھتی ہے اور مکمل آپریشنل ہونے پر ہر تیس منٹ میں ایک طیارہ تیار کرنے کی صلاحیت رکھے گی۔
کمپنی کے مطابق ایکس پینگ ائیر ہوٹ کو اب تک تقریباً پانچ ہزار اڑنے والی کاروں کے آرڈر مل چکے ہیں جب کہ بڑے پیمانے پر پیداوار اور ترسیل کا آغاز سال 2026 میں متوقع ہے۔
یہ اڑنے والی کار چھے پہیوں والی زمینی گاڑی پر مشتمل ہے، جسے “مدر شپ” کہا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ایک جدا ہونے والا برقی طیارہ (ای وی ٹول) نصب ہے جو عمودی طور پر اُڑان بھرنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ای وی ٹول طیارے میں خودکار اور دستی پرواز کےدونوں انداز موجود ہیں۔ خودکار موڈ میں یہ طیارہ سمارٹ روٹ پلاننگ کے ساتھ صرف ایک بٹن دبانے پر اُڑان بھرنے اور اترنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
تقریباً پانچ اعشاریہ پانچ میٹر لمبی یہ گاڑی عام سڑکوں پر معمول کے ڈرائیونگ لائسنس کے ساتھ چلائی جا سکتی ہے اور اسے عام پارکنگ جگہوں پر کھڑا کیا جا سکتا ہے۔
گوانگ ژو، چین سے شِنہوا نیوز ایجنسی کے نمائندوں کی رپورٹ
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ٹیکسٹ آن سکرین:
چین میں اڑنے والی کاریں بنانے والی دنیا کی پہلی فیکٹری فعال
گوانگ ژو میں قائم سمارٹ فیکٹری نے آزمائشی پیداوار شروع کر دی
ایکس پینگ ائیر ہوٹ نے جدید ٹیکنالوجی سے بڑا سنگِ میل عبور کیا
فیکٹری ہر 30 منٹ میں ایک نئی اڑنے والی کار تیار کرے گی
یہ وسیع فیکٹری ایک لاکھ 20 ہزار مربع میٹر رقبے پر قائم ہے
سالانہ پیداواری صلاحیت 10 ہزار برقی طیارہ ماڈیولز کی تیاری ہے
کمپنی کو اب تک 5 ہزار فلائنگ کارز کے آرڈر موصول ہو چکے ہیں
سال 2026 میں بڑے پیمانے پر پیداوار اور ترسیل متوقع ہے
اڑنے والی کار میں خودکار اور دستی پرواز کے دونوں انداز موجود ہیں
مستقبل کی ٹرانسپورٹ کا نیا دور چین سے آغاز پا رہا ہے




