چین کے مشرقی صوبے جیانگسو کے شہر لیان یون گانگ کے ضلع ہائی ژو میں صارفین سپر مارکیٹ میں سبزیاں خرید رہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین کی صارفین کی کھپت میں رواں سال کے پہلے 8 مہینوں میں مستحکم اضافہ دیکھنے میں آیا جہاں اشیائے صرف کی ریٹیل فروخت میں سالانہ بنیاد پر 4.6 فیصد اضافہ ہوا جو کہ 323.9 کھرب یوآن (تقریباً 45.6 کھرب امریکی ڈالر) تک پہنچ گئی۔
چین کے قومی ادارہ شماریات کے مطابق صرف اگست کے مہینے میں اشیائے صرف کی پرچون فروخت میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 3.4 فیصد اضافہ ہوا جو کہ تقریباً 39.7 کھرب یوآن رہی۔
این بی ایس کے اعدادوشمار کے مطابق آن لائن پرچون فروخت نمایاں طور پر بہتر رہی جس میں سالانہ بنیاد پر 9.6 فیصد اضافہ ہوا جو کہ پہلے 8 مہینوں میں 99.8 کھرب یوآن تک جا پہنچی۔
جنوری سے اگست کے دوران شہری علاقوں میں اشیائے صرف کی پرچون فروخت 281.1 کھرب یوآن رہی جو کہ گزشتہ سال سے 4.6 فیصد زیادہ ہے جبکہ دیہی علاقوں میں یہ فروخت تقریباً 42.9 کھرب یوآن رہی جس میں سالانہ 4.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
آن لائن مجسم اشیاء کی فروخت میں 6.4 فیصد اضافہ ہوا اور یہ تقریباً 81 کھرب یوآن تک پہنچ گئی، جو کل پرچون فروخت کا ایک چوتھائی حصہ ہے۔
این بی ایس کے مطابق ان اشیاء میں خوراک، ملبوسات اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی فروخت میں بالترتیب 15 فیصد، 2.4 فیصد اور 5.7 فیصد اضافہ ہوا۔
