منگل, اگست 26, 2025
انٹرنیشنلچینی طبی ٹیم نے 6 ماہ میں زمبابوے کے 7 ہزار سے...

چینی طبی ٹیم نے 6 ماہ میں زمبابوے کے 7 ہزار سے زائد مریضوں کا علاج کیا

زمبابوے کے شہر ہرارے کے ایک مقامی ہسپتال میں چینی طبی ٹیم کا 22 واں بیچ تربیتی پروگرام میں مقامی طبی عملہ کو تربیت فراہم کررہاہے-(شِنہوا)

ہرارے(شِنہوا)زمبابوے میں تعینات چینی طبی ٹیم کے 22 ویں بیچ نے 6 ماہ کے دوران 7ہزار سے زائد مقامی مریضوں کا علاج کیا۔

زمبابوے کے دارالحکومت ہرارے میں شِنہوا کو ایک انٹرویو میں ٹیم نے بتایا کہ ان کے 11 طبی ماہرین، جو نیورولوجی سے لے کر آرتھوپیڈکس تک مختلف شعبوں میں مہارت رکھتے ہیں، ملک بھر میں مفت طبی مشورے فراہم کر رہے ہیں اور مارچ سے اب تک 200 سے زائد آپریشن کرچکے ہیں۔

ٹیم کے آرتھوپیڈک ماہر ژانگ شیونگ نے کہا کہ بعض دور دراز علاقوں میں مقامی لوگ معیاری طبی سہولیات تک رسائی نہیں رکھتے، اسی لئے ہم نے رضاکارانہ طور پر ان علاقوں تک پہنچنے کا فیصلہ کیا۔

ژانگ اور ان کے کچھ ساتھی ہرارے کے پاریر نیاتوا گروپ آف ہاسپٹلز (پی جی ایچ) کے روایتی چینی طب (ٹی سی ایم) مرکز میں ہر ہفتے شعبہ بیرونی مریضان میں مفت خدمات بھی فراہم کرتے ہیں، جہاں وہ دائمی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے لئے چینی طبی طریقے استعمال کرتے ہیں۔

ژانگ نے کہا کہ بہت سے مقامی مریضوں کو اب احساس ہو رہا ہے کہ بعض بیماریوں کے لئے روایتی چینی طریقہ علاج زیادہ محفوظ اور سستا ہے۔

ٹیم کی نیورولوجسٹ گاؤ جوہوا نے بتایا کہ زمبابوے کے بہت سے مریض ہائی بلڈ پریشر اور شوگر جیسے امراض میں مبتلا ہیں مگر انہیں اپنی بیماری کے بارے میں بہت کم معلومات ہوتی ہیں۔

گاؤ نے کہا کہ ہمارے مفت کلینک نے انہیں طبی معائنے کی سہولت فراہم کی اور ہم انہیں ادویات کے درست استعمال اور صحت مند طرز زندگی اپنانے کے بارے میں مشورے دیتے ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ ٹیم نے زمبابوے کے طبی ماہرین کو جدید طبی علم اور ٹیکنالوجی کی تربیت بھی دی جس سے اب تک مقامی طبی عملے کے تقریباً 100 ارکان مستفید ہو چکے ہیں۔

نظام تنفس کے ماہر ڈاکٹر لی جے، جو چین کے صوبہ ہونان کے صوبائی عوامی ہسپتال سے بھیجے گئے تھے، نے بتایا کہ چینی ہسپتال نے 2022 سے بی جی ایچ کے ساتھ سانس اور انتہائی نگہداشت کے طبی شعبے میں شراکت داری قائم کر رکھی ہے، جس کے تحت ہزاروں مقامی مریضوں کا علاج ہو چکا ہے۔

ڈاکٹر لی جے نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ہمیں چین کے ماہر ترین اسپیشلسٹ کو پی جی ایچ میں بھیجنے کا موقع ملا تاکہ وہ مقامی طبی عملے کو تربیت دے کر ہسپتال کی صلاحیت کو مضبوط بناسکیں جو زمبابوے کا سب سے بڑا جنرل ہسپتال ہے۔

چین 1985 سے اب تک زمبابوے میں 22 طبی ٹیمیں بھیج چکا ہے، جو اس جنوبی افریقی ملک میں صحت کی سہولیات بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرچکی ہیں۔

شنہوا
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں

error: Content is protected !!