کمبوڈیا کے شہر نوم پنہ میں محکمہ صحت کا ایک اہلکار مچھروں کو جمع کرنے کے لئے ایک اسپائریٹر کا استعمال کر رہا ہے۔(شِنہوا)
نوم پنہ(شِنہوا)چین کی امداد سے جاری انسداد ملیریا منصوبوں سے کمبوڈیا کو 2025 کے آخر تک ملیریا کے خاتمے کا اپنا ہدف حاصل کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
نیشنل سنٹر فار پیراسیٹولوجی، اینٹومولوجی اور ملیریا کنٹرول کے ٹیکنیکل بیورو کے سربراہ اور انسداد ملیریا پروگرام کے منیجر سیو سوون ناروتھ نے کہا ہے کہ چین نے مختلف منصوبوں کے ذریعے تقریباً 10 سال سے ملیریا کے خلاف جنگ میں کمبوڈیا کی مدد کی ہے۔
انہوں نے شِنہوا کو بتایا کہ چین کا ہمارے مرکز کے ساتھ جنوب-جنوب تعاون، می کونگ-لان کانگ تعاون اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے ذریعے دیرینہ تعاون رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تعاون تربیت اور تحقیق کے ذریعے انسداد ملیریا پروگرام کی صلاحیت بڑھانے، مغربی صوبے کمپونگ سپیو میں ماس ڈرگ ایڈمنسٹریشن کے پائلٹ پراجیکٹ اور ملیریا کے لئے انتہائی خطرناک علاقوں میں نگرانی کی سرگرمیوں پر مرکوز ہے۔
سوون ناروتھ نے کہا کہ جنوری سے اگست 2025 تک کمبوڈیا میں مقامی ملیریا کے صرف 37 کیسز ریکارڈ کئے گئے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے 335 کیسز کے مقابلے میں تقریباً 90 فیصد کی نمایاں کمی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا نے 2025 تک ملیریا کی تمام اقسام کو ختم کرنے کا ایک پرجوش ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چین کی امداد سے ہدف حاصل ہونے میں مدد ملے گی۔
