چین کے صدر شی جن پھنگ کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے تنقیدی اور جائزہ اجلاس سے خطاب کررہے ہیں- (شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ(سی پی سی) کی قیادت کے ایک اجلاس میں پارٹی نظم ونسق کو مضبوط بنانے پر زور دیا گیا ہے اور سینئر رہنماؤں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ پارٹی کے قواعد و ضوابط کی پاسداری میں مثالی اور قائدانہ کردار ادا کریں۔
سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری شی جن پھنگ نے سی پی سی کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کے تنقیدی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اہم خطاب کیا ۔
سیاسی بیورو کے ارکان نے اجلاس میں اپنا تنقیدی جائزہ پیش کیا، جس میں سی پی سی نظم ونسق کی تعلیم پر پارٹی کی وسیع مہم کے نتائج کو مستحکم اور مضبوط کرنے پر توجہ مرکوز کی گئی۔
صدر شی جن پھنگ نے ہر تقریر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اجلاس کامیاب رہا اور اس سے سیاسی بیورو کو اتحاد کو مضبوط بنانے اور اپنے کام کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے پارٹی کی نظم ونسق کی تعلیمی مہم کی تعریف کی اور کہا کہ اس سے نمایاں نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
صدرشی جن پھنگ نے کہا کہ سیاسی بیورو کے ارکان کو تنقید اور خود احستابی کرنے، پارٹی کے نظم ونسق اور اصولوں پر سختی سے عمل کرنے میں پیش پیش رہنا چاہئے۔ انہیں پارٹی کا غیر متزلزل وفادار رہنا چاہئے اور خود کو پارٹی اور عوام کے مقصد کے لئے بے لوث طور پر وقف کرنا چاہئے۔
صدرشی جن پھنگ نے نظم ونسق اور قواعد و ضوابط کی پاسداری اور ترقیاتی کوششوں کو آگے بڑھانے میں مثالی رہنمائی کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے بدعنوانی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی طور پر واضح اور مضبوط موقف برقرار رکھنے کی کوششوں پر زور دیا جس میں نرمی کی کوئی گنجائش نہ ہو ۔
چینی صدر شی جن پھنگ نے تمام سطح کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ عوام کے اہم خدشات کی نشاندہی کرنے کے لئے تحقیق کریں اور اہداف پر اقدامات کے طور پر ان مسائل کو حل کریں۔
