واشنگٹن: امریکی یوٹیوبر جمی ڈونلڈسن المعروف مسٹر بیسٹ نے لائیو اسٹریم کے دوران ایک کروڑ بیس لاکھ ڈالر سے زیادہ رقم عطیہ کرکے نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا ،پاکستانی روپوں میں یہ رقم تقریبا ایک ارب چالیس کروڑ روپے بنتی ہے۔
گزشتہ ہفتے مسٹر بیسٹ نے مشہور اسٹریمرز ایڈن روس اور xQc کے ساتھ کِک پلیٹ فارم پر پندرہ گھنٹے طویل لائیو اسٹریم کی میزبانی کی۔ اس دوران عالمی فلاحی منصوبے ٹین واٹر کیلئے بھاری رقم جمع ہوئی۔ یہ ریکارڈ اس سے پہلے 2021 میں Z Event نے قائم کیا تھا، جب انہوں نے تقریبا اتنی ہی رقم اکٹھی کی تھی۔
اس تاریخی موقع پر مسٹر بیسٹ نے کہا کہ اس اسٹریم کی بدولت بے شمار زندگیاں بدلنے جا رہی ہیں، ان کے اس جذبے میں بڑی بڑی شخصیات بھی شریک رہیں۔ عطیات دینے والوں میں بی لوو الیکٹرولائٹ، فِن بیگز، کِک کے شریک بانی ایڈ کریون، بیجان طہرانی، انفلوئنسر صوفی رین اور اسٹریمر ٹرین ریکٹس ٹی وی شامل تھے۔
ہر ایک نے کم از کم دس لاکھ ڈالر دیے۔ علاوہ ازیں، ڈانا وائٹ، مائیکل روبن، برائن چیسکی، گیری وی اور کیسی واسر مین جیسے بڑے ناموں نے بھی فیاضی دکھائی۔
