چین کے مشرقی شہر شنگھائی میں واقع ٹیسلا کی میگا فیکٹری کا ایک منظر۔ (شِنہوا)
شنگھائی (شِنہوا)امریکی کار ساز کمپنی ٹیسلا کی شنگھائی میں نئی میگا فیکٹری نے منگل سے پیداوار کا آغاز کردیا ہے جو چین میں کمپنی کی موجودگی میں نمایاں توسیع کو ظاہر کرتی ہے۔ یہ فیکٹری توانائی ذخیرہ کرنے والی بیٹریوں کی تیاری کے لئے وقف ہے جسے میگا پیک کا نام دیا گیا ہے۔
ابتدائی طور یہ سالانہ 10 ہزار یونٹس تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے جس میں تقریباً 40 گیگاواٹ آور توانائی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ہے۔ یہ میگا فیکٹری ٹیسلا کے عالمی توانائی ذخیرہ کرنے کے اہداف میں نمایاں کردار ادا کرنے کو تیار ہے۔ کمپنی کو توقع ہے کہ 2025 میں توانائی ذخیرہ کرنے کی سہولت میں گزشتہ برس کی نسبت 50 فیصد اضافہ ہوگا۔
یہ چائنہ (شنگھائی) آزمائشی آزاد تجارتی علاقے کے لین گانگ خصوصی علاقے میں واقع ہے جس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئی فیکٹری کا رقبہ 2 لاکھ مربع میٹر ہے جس میں مجموعی طور پر تقریباً 1.45 ارب یوآن (تقریباً 20 کروڑ 20 لاکھ امریکی ڈالر) کی سرمایہ کاری کی گئی ہے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ فیکٹری میں بڑے پیمانے پر پیداوار کا آغاز تعمیر شروع ہونے کے صرف 8 ماہ بعد ہوا ہے جو چین میں "ٹیسلا کی رفتار” کی ایک نئی مثال ہے۔ اس سے قبل 2019 میں ملک کے مشرقی مالیاتی مرکزمیں ٹیسلا کے پہلے پلانٹ ’’شنگھائی گیگا فیکٹری‘‘ نے ایک سال کے اندر تعمیر مکمل کرکے کام شروع کردیا تھا۔
ٹیسلا کے نائب صدر مائیک سنائیڈر نے منگل کے روز افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ہم نے ایک بار پھر شنگھائی اور ٹیسلا کی ناقابل یقین رفتار دیکھی ہے۔ وہ اس فیکٹری کے ٹیسلا کے لئے ایک دلچسپ سال کا آغاز کرنے پر پرجوش ہیں۔ انہوں نے اعتماد ظاہر کیا کہ نئی فیکٹری ٹیسلا کے عالمی پیداواری نیٹ ورک میں نمایاں درجہ حاصل کرے گی۔
